پاکستان نے ایک بار پھر طالبان کو دی دھمکی، ہم طالبان کو دوبارہ غاروں میں دھکیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں: خواجہ آصف
پاکستان کے وزیردفاع خواجہ آصف نے افغانستان کی طالبان حکومت کے خلاف بہت ہی سخت رخ اختیار کرتے ہوئے انھیں خبردار کیا اور کہا ہے کہ طالبان میں موجود جنگ کے خواہش مندوں نے ہماری قوت اورعزم کا غلط مشاہدہ کررکھا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق، وزیردفاع خواجہ آصف نے ایکس پر طالبان کو دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی یا کسی بھی مہم جوئی کا جواب سخت اور کڑا ہوگا، برادر ممالک کی درخواست پرپاکستان نے امن قائم کرنے کے لیے مذاکرات کی پیش کش قبول کی تاہم بعض افغان حکام کے زہریلے بیانات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ طالبان حکومت میں انتشار اور دھوکہ دہی بتدریج موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا افسوس طالبان حکومت افغانستان کو دوبارہ تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے، ہم طالبان کو دوبارہ غاروں میں دھکیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جس کیلئے پاکستان کو اپنی پوری طاقت استعمال کرنے کی ضرورت بھی نہیں ہے، البتہ طالبان کی اگر خواہش ہو تو تورا بورا میں ماضی کی شکست کے مناظر یاد کرلیں جہاں وہ دم دبا کر بھاگے تھے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان طالبان کے جنگجوؤں کو خبردار کرتا ہے کہ اپنے ذاتی فائدے کے لئے خطے میں بدامنی کے لیے جو کام وہ کررہے ہیں وہ نہ کریں، ہمارے عزم اور صلاحیت کو آزمانا چاہتے ہو تو اپنی بربادی اور نقصان کی صورت میں آزما لیں، طالبان کو چاہیے اپنے انجام کا حساب رکھیں کیونکہ پاکستان کو آزمانا مہنگا ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہاں تک سلطنتوں کے قبرستان کے بیانیے کا تعلق ہے پاکستان نے کبھی سلطنت کا دعویٰ نہیں کیا افغانستان اس وقت اپنے عوام کے لئے قبرستان بن چکا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے افغانستان ہمیشہ بڑی طاقتوں کے کھیل کا میدان ضرور رہا ہے، طالبان میں موجود جنگ کے خواہش مندوں نے ہماری قوت اورعزم کا غلط مشاہدہ کر رکھا ہے، طالبان لڑنا چاہتے ہیں تو دنیا دیکھے گی کہ ان کی دھمکیاں محض تماشا ہیں۔