پاکستان: علامہ اقبال کا 148 واں یومِ ولادت، لاہور میں مزارِ اقبال پر پُروقار تقریب
آج شاعر مشرق اور مفکر اسلام کا 148 واں یومِ ولادت منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کے تاریخی شہر لاہور میں مزار اقبال پر ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔
سحرنیوز/پاکستان: اطلاعات کے مطابق لاہور میں مزارِاقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے دوران پاکستانی بحریہ کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
پاکستانی بحریہ کے کمانڈر سینٹرل پنجاب ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ اطلاعات کے مطابق اس اہم تقریب میں ملکی سلامتی، بقا اور ترقی کے لئےخصوصی دعا بھی کی گئی۔
آج یومِ اقبال کے سلسلے میں پاکستان بھر میں تقریبات کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔
شاعر مشرق علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے جہاں انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم بھی حاصل کی تھی۔ ابتدائی تعلیم کے بعد وہ لاہور اور پھر اعلیٰ تعلیم کے لئے برطانیہ چلے گئے تھے۔
علامہ اقبال نے 1938 میں لاہور میں وفات پائی اور انہیں بادشاہی مسجد کے سائے میں سپرد خاک کیا گیا۔ انہوں نے اپنی شاعری اور افکار کے ذریعہ اپنا پیغام دنیا بھر میں پہنچایا۔ ان کے اشعار اور افکار نوجوان نسل کے لئے مشعل راہ ہیں۔