پاکستان: معروف شاعرہ اور ماہرِ تعلیم پروفیسر عارفہ سیدہ زہرا کا انتقال، صدر آصف زرداری کا اظہارِ افسوس
اطلاعات کے مطابق پاکستان کی معروف شاعرہ، سماجی کارکن، اور ماہرِ تعلیم پروفیسرعارفہ سیدہ زہرا کا انتقال ہوگیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق معروف شاعرہ، سماجی کارکن اور ماہرِ تعلیم پروفیسر عارفہ سیدہ زہرا کا آج لاہور عمر میں انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 83 سال تھی۔
اطلاعات کے مطابق عارفہ سیدہ زہرا کو کل ان کے خاندانی قبرستان، کیولری گراؤنڈ لاہور میں سپردِ خاک کیا جائے گا جبکہ نمازِ جنازہ کا وقت بعد میں بتایا جائے گا۔
دریں اثنا، پیپلز پارٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بتایا کہ صدر آصف علی زرداری نے ماہرِ تعلیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کا انتقال پاکستان کے علمی اور ادبی حلقوں کے لئے ناقابلِ تلافی نقصان ہے، مرحومہ نے اپنی زندگی علم، تحقیق اور خدمتِ انسانیت کے لئے وقف کر دی تھی۔
پروفیسر عارفہ سیدہ زہرا نے ایم اے اردو گورنمنٹ کالج لاہور سے کیا تھا اور ایسٹ ویسٹ سینٹر، یونیورسٹی آف ہوائی سے تاریخ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی حاصل کی تھی۔ وہ 7 زبانوں پر عبور رکھتی تھیں۔
ڈاکٹرعارفہ سیدہ زہرا سیدہ تعلیمی، انتظامی، سماجی اور ثقافتی کمیٹیوں کی رُکن بھی رہیں۔