اسرائيل سے متعلق میڈیا رپورٹیں بے بنیاد، اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں ہو رہا: پاکستانی دفتر خارجہ
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں ہورہا ہے اور اسرائیل سے متعلق میڈیا رپورٹیں بے بنیاد ہیں۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق اسلام آباد میں دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ جاسوسی یا اسپائی ویئر سے متعلق تمام رپورٹیں محض قیاس آرائیاں ہیں، اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں ہورہا ہے اور یہ کہ اسرائیل سے متعلق میڈیا رپورٹیں بے بنیاد ہیں، پاکستان ایسی اطلاعات کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سعودی عرب میں ہونے والے مذاکرات سے متعلق مذاکرات سے متعلق میڈیا رپورٹوں کا علم ہے لیکن میرے پاس اس حوالے سے کوئی نئی معلومات نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ترک صدر نے دو ہفتے قبل اعلان کیا تھا کہ ایک اعلیٰ سطح کا ترک وفد اسلام آباد آئے گا، ترکیہ وفد کے نہ آنے کی وجہ شیڈولنگ یا پھر طالبان کی طرف سے تعاون کی عدم دستیابی ہوسکتی ہے۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ افغانستان سے سرحد کی بندش ہم نے اپنی حفاظت کے لیے کی ہے، ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے شہری دہشت گردی کا نشانہ بنیں، بارڈر اسی لیے بند ہے اور سرحد اس وقت تک بند رہے گی جب تک افغانستان کی جانب سے پختہ یقین دہانی نہ مل جائے، ہمیں یقین دہانی کرائی جائے کہ دہشت گرد اور تشدد پسند عناصر پاکستان میں داخل نہیں ہوں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ صرف ٹی ٹی پی نہیں، افغان شہری بھی پاکستان میں سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں، سرحد کی بندش کے تناظر کو اسی حقیقت میں سمجھا جائے، تجارتی گزر گاہیں اور بارڈر کراسنگ بدستور بند ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے سرحد صرف انسانی امداد کے لیےکھولی تھی، صرف یو این کی امدادی اشیا کو استثنیٰ دیا ہے، پاکستان کا افغانستان کے عوام سے کسی قسم کا اختلاف نہیں، وہ ہمارے بھائی بہن ہیں، بارڈر بندش کے سیکورٹی اسباب ہیں، افغان عوام کے لیے امدادی راہداری میں پاکستان ہمیشہ مثبت رہا ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok