Mar ۱۵, ۲۰۱۹ ۰۸:۴۴ Asia/Tehran
  • نیوزی لینڈ کی مساجد میں فائرنگ سے49 افراد شہید۔ متعدد زخمی

نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ سے 49افراد شہید اورمتعدد زخمی ہوگئے جب کہ دورے پر موجود بنگلادیشی کرکٹ ٹیم اس حملے میں بال بال بچ گئی۔

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد میں نماز جمعہ میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں بعض ذرائع کے مطابق 40 اور بعض ذرائع کے مطابق 49 نمازی شہید اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں ایک حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعات کرائسٹ چرچ میں واقع مسجدِ نور اور مسجد لنٹن میں پیش آئے، جس میں مسلح  دہشت گردوں نے مساجد میں داخل ہو کر خودکار ہتھیاروں سے نمازیوں پر فائرنگ شروع کر دی۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ مسجد میں ایک مسلح  دہشت گرد داخل ہوا جس نے مشین گن سے فائرنگ کی،  دہشت گرد کی شناخت آسٹریلوی شہری برینٹن ٹیرینٹ کے نام سے ہوئی ہے، دہشت گرد فوجی وردی میں ملبوس تھا،جس کی عمر 30 سے 40 سال تھی۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ 3 منٹ تک مسجد میں فائرنگ کرنے کے بعد دہشت گرد مرکزی دروازے سے باہر نکلا، جہاں اس نے گاڑیوں پر بھی فائرنگ شروع کر دی۔

نیوزی لینڈ کے دورے پر آئی ہوئی بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم فائرنگ کی زد میں آنے سے بال بال بچ گئی ہے، جس کے کھلاڑی فائرنگ کے وقت نماز جمعہ ادا کرنے کے لیے مسجد آئے ہوئے تھے۔

نیوزی لینڈ پولیس نے شہریوں کو متاثرہ مسجد سے دوررہنے کی ہدایت کردی ہے، کرائسٹ چرچ کی دیگر مساجد خالی کرالی گئی ہیں جب کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق شہر کے گرجا گھر اور اسکول بھی بند کردیئے گئے۔

ادھر وزیراعظم نیوزی لینڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج نیوزی لینڈ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔

ٹیگس