Jan ۰۵, ۲۰۲۰ ۰۷:۵۹ Asia/Tehran
  • امریکی کارروائی خطے کیلئے سنگین خطرہ : عالمی برادری

اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکا کے مابین کشیدگی پر عالمی برادری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اس ضمن میں یورپی یونین، ترکی، روس، فرانس اور جرمنی سمیت کئی ممالک نے جہاں امریکی کارروائی کو خطے کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا وہیں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کا کہنا ہے کہ دنیا ایک اور جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ، یورپی یونین، ترکی، روس، فرانس اور جرمنی سمیت کئی ممالک نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے امریکی اقدام کو خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا جس سے خطے میں جارحیت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ عالمی رہنماؤں نے فریقین سے پر امن رہنے کی اپیل کی ہے۔

یورپی یونین کے صدر نے عراق میں پچھلے کچھ ہفتوں سے جاری اشتعال انگیزی اور انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ہر صورت کم ہونی چاہیے۔ جرمن وزارت خارجہ نے ٹویٹ کیا کہ وزیر خارجہ صورتحال پر برطانیہ اور فرانس سے رابطے میں ہیں اور معاملات سلجھانے کیلیے کام کر رہے ہیں۔

اسی طرح ترک وزارت خارجہ نے امریکی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جنرل سلیمانی کے قتل سے خطے میں جاری تناؤ میں مزید اضافہ ہوگا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ دنیا ایک اور جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی، روس اور چین نے بھی امریکی اقدام پر شدید نکتہ چینی کی ہے جب کہ شام، لبنان اور عراق بھی امریکا کو ہدف تنقید بناچکے ہیں۔

یاد رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی القدس بریگیڈ کے ممتاز کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور حشد الشعبی کے کمانڈر ابو مہدی المہندس جمعہ کی رات بغداد میں امریکہ کی دہشت گردانہ کارروائی میں شہید ہوئے تھے۔

ٹیگس