ایران کے میزائلی حملے میں پچاس امریکی فوجیوں کو دماغی چوٹیں آئی ہیں : پنٹاگون
Jan ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۴:۰۶ Asia/Tehran
امریکی وزارت جنگ نے ایک بار پھر عین الاسد فوجی اڈے پر ایران کے میزائلی حملے میں اپنے زخمی فوجیوں کی تعداد میں اضافے کی خبر دی ہے اور اعلان کیا ہے کہ ّپچاس امریکی فوجی برین انجری کا شکار ہوئے ہیں۔
پنٹاگون کے ترجمان تھومس کمپبل نے بدھ کی صبح ایک بیان میں کہا ہے کہ اب تک پچاس امریکی فوجیوں کو دماغی چوٹین پہنچنے کی تصدیق کی جا چکی ہے۔
کمپبل نے کہا کہ مزید اٹھارہ فوجیوں کو معائنوں اور مکمل علاج کے لئے جرمنی منتقل کیا گیا ہے۔
ایران نے سپاہ قدس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کے بزدلانہ قتل کا انتقام لینے کے لئے بدھ آٹھ جنوری کو عراق میں امریکہ کے عین الاسد فوجی اڈے کو میزائلی حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔
اگرچہ امریکی صدر ٹرمپ نے دعوی کیا تھا کہ ایران کی انتقامی کارروائی میں کوئی فوجی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا تاہم واشنگٹن نے بتدریج امریکی فوجیوں کے زخمی ہونے کا اعتراف کیا اور اب زخمیوں کی تعداد پچاس بتائی ہے۔
امریکی وزرات جنگ پنٹاگون نے اس سے قبل اعتراف کیا تھا کہ ایران کے میزائلی حملے میں چونتیس امریکی فوجیوں کو دماغی چوٹ پہنچی ہے۔