Mar ۰۹, ۲۰۲۰ ۱۲:۱۸ Asia/Tehran
  • ابھی بے قابو ہے کورونا کا جِن، تازہ ترین صورتحال

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق 109 ممالک کورونا وائرس سے روبرو ہو چکے ہیں، متاثرین کی مجموعی تعداد 110098  ہے جس میں سے 62 ہزار 302 متاثرین  صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے ہیں  جبکہ 3831 افراد کو کورونا کے سامنے تسلیم ہونا پڑا ہے۔

چین میں کورونا سے  23 افراد کی ہلاکت کے بعد دنیا بھر میں کورونا کے سبب مرنے والوں کی تعداد 3 ہزار 789  جبکہ متاثرین کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 8 ہزار 618 ہوگئی ۔

امریکی ریاست نیو یارک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 105 ہوگئی ہے اور حکام نے ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

نیویارک، پہلی امریکی ریاست ہے جہاں کورونا وائرس کے اتنے کیسز سامنے آئے ہیں اور جہاں صحت و سلامتی کے پیش نظر ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

امریکا کی اب تک 33 ریاستوں میں کورونا متاثرین پائے گئے ہیں جنکی کل تعداد 484 تک پہنچ چکی ہے۔ کئی ریاستوں میں مہلک وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہنگامی حالات نافذ کردیے گئے ہیں۔

امریکی فوج کے اہل کاروں اور ان کے اہل خانہ کو جنوبی کوریا اور اٹلی کا سفر کرنے سے منع کر دیا گیا ہے۔

برطانیہ میں ایک روز میں سب سے زیادہ کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 273 ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں ایک روز قبل تک متاثرین کی تعداد 209 تھی اور اب 273 ہوگئی ہے جو اب تک ایک دن میں سامنے آنے والی سب سے بڑی تعداد ہے۔

حکومت کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں اب تک 23 ہزار 500 سے زائد افراد کے ٹیست کیے جا چکے ہیں اور اب تک ہلاکتوں کی تعداد 2 ہے۔

ادھر اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد بھی 366 ہوگئی ہے اور حکومت نے 2 کروڑ 20 لاکھ سرجیکل ماسک کا آرڈر دے دیا تا کہ وائرس سے شہریوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔

حکومت نے شمالی علاقوں میں تمام اداروں کو بند کردیا جہاں لومبارڈی کے علاقے میں سب سے زیادہ یعنی 133 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

فرانس میں اتوار کو تین مزید ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد 19 ہوچکی ہے اور کورونا وائرس سے 1126 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

روس میں ماسکو کی شہری انتظامیہ نے الگ تھلگ رہنے کی پابندی پر عمل نہ کرنے والے شہریوں کو پانچ سال قید کی سزا دینے کا اعلان کیا ہے۔ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے روس کے دارالحکومت میں چین، جنوبی کوریا، فرانس ، جرمنی ، اٹلی اور اسپین سمیت دیگر ممالک سے آنے والے شہریوں کو 14 روز تک گھر میں الگ تھلگ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

چین میں ہفتے کو قرنطینہ کے لیے استعمال ہونے والی ہوٹل کی عمارت گرنے کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوچکی ہے۔ ابتدائی طور پر عمارت کے ملبے میں 43 افراد کے دبے ہونے کی اطلاعات آئی تھیں۔

چین کے بعد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک جنوبی کوریا میں بھی مزید کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اتوار کو یہاں مزید 93 کیسز درج کئے گئے۔

بلغاریہ میں کورونا کا پہلا کیس سامنے آ چکا ہے اور شمالی امریکا کے ملک ارجینٹائن میں کورونا سے ہونے والی پہلی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق 109 ممالک کورونا وائرس سے روبرو ہو چکے ہیں، متاثرین کی مجموعی تعداد 110098  ہے جس میں سے 62 ہزار 302 متاثرین  صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے ہیں  جبکہ 3831 افراد کو کورونا کے سامنے تسلیم ہونا پڑا ہے۔

ٹیگس