مشرقی بحیرہ روم میں امریکی اشتعال انگیزی پر روس کو تشویش
Sep ۰۸, ۲۰۲۰ ۲۰:۲۰ Asia/Tehran
روس کے وزیر خارجہ نے مشرقی بحیرہ روم میں امریکہ کی جانب سے کشیدگی پیدا کئے جانے پر تشویش ظاہر کی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے ترکی اور مشرقی بحیرہ روم کے ممالک کے درمیان ثالثی پر آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی بحیرہ روم کے ممالک کو ایک دوسرے کے خلاف اکسانے کی واشنگٹن کی کوششوں پر ماسکو کو تشویش ہے۔ترکی اور یونان کے درمیان بحیرہ روم کے گیس کے ذخائر کے سلسلے میں شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔ قبرص کی جانب سے مشرقی بحیرہ روم سے قدرتی گیس نکالنے کی کوششوں پر ترکی کو سخت اعتراض ہے۔حالیہ برسوں میں بحیرہ روم میں تیل اور گیس کا انکشاف ترکی کے لئے کافی اہمیت کا حامل رہا ہے یہاں تک کہ انقرہ کے اقدامات یورپی یونین کے ساتھ اس کے شدید اختلافات کا باعث بنے ہیں ۔