ٹرمپ انتخابات میں جیتنے کے لئے سفیدفام دہشتگردی کا سہارا لے رہے ہیں: امریکی پادری
نیویارک کے باشندوں نے امریکہ میں سیاہ فاموں کے حقوق کی پامالی اور پولیس کے تشدد آمیز رویئے کے خلاف ایک بار پھر مظاہرے کیے ہیں۔
’’ہمارے نمائندہ نیویارک کے مطابق مظاہرین نے شہر کے مرکزی علاقے کے اطراف کی سڑکوں پر مارچ کیا جو مینہٹن اسکوائر پر ایک بڑے احتجاجی اجتماع میں تبدیل ہو گیا ہے۔
مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر انصاف اور مساوات کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین ملک کی سیاہ فام برادری کے حقوق کی پامالی اور پولیس کے نسل پرستانہ رویئے کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
سیاہ فاموں کی جان بھی اہم ہے‘‘ کے سلوگن کے تحت ہونے والے اس مظاہرے کے شرکاء نے راچسٹر سٹی میں پولیس کے ہاتھوں ایک اور سیاہ فام نوجوان ڈینئل پریڈ کے قتل کی بھی مذمت کی۔
دوسری جانب افریقی نژاد امریکیوں کے کلیساؤں سے تعلق رکھنے والے پادریوں نے صدر ٹرمپ پر اپنی انتخابی کمپین کو آگے بڑھانے کی غرض سے رنگین فام لوگوں کے خلاف سفید فام دہشت گردی کی حمایت کا الزام عائد کیا ہے۔
اے ایم ای کلیسا کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس قسم کے الیکشن کمپین پر پابندی عائد کی جائے اور سیاہ فاموں کے درپیش خطرات کے مقابلے میں وفاقی حکومت اپنا کردار ادا کرے۔ ٹرمپ کے الیکشن آفس نے حال ہی میں جوبائیڈن کے حامیوں سے ایک ملاقات کے نام سے پروپیگنڈہ فلم جاری کی ہے جس میں کلیسا جانے والے کچھ سیاہ فاموں کو قانون شکن اور بدمعاش کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
اے ایم ای کلیسا کے جاری کردہ بیان میں ٹرمپ کی پروپیگنڈہ فلم کے ذریعے مذکورہ کلیسا کو تشدد سے جوڑنے کی کوشش کی مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں آیا ہے کہ یہ فلم رنگین فام لوگوں کے خلاف سفید فاموں کی دہشت گردی، سیاہ فاموں کے کلیساؤں اور لوگوں کے خلاف حملوں میں شدت کا سبب بنے گی۔
افریقی نژاد امریکی کلیساؤ کی تنظیم کے بیان میں اس پروپیکنڈہ فلم کو ہٹانے، کلیسا سے معافی مانگنے اور سیاہ فاموں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بیان میں امریکی وزارت انصاف سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ٹرمپ کے الیکشن آفس کی جاری کردہ اس پروپیکنڈہ فلم کے قانونی جواز کا بھی جائزہ لے۔
امریکی صدر ٹرمپ کا الیکشن آفس اس سے پہلے بھی کئی ایسی فلمیں جاری کر چکا ہے جس میں نسلی اکائیوں پر حملے کیے گئے ہیں اور انہیں غنڈے، بدمعاش اور معاشرے کے لیے خطرناک افراد کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔