Nov ۰۳, ۲۰۲۰ ۱۸:۱۵ Asia/Tehran
  • امریکہ میں ووٹنگ اور خطرے کی گھنٹی بج گئی

امریکا میں پہلی ووٹنگ کے نتائج جوبائیڈن کے حق میں رہے ہیں جبکہ دیگرعلاقوں میں بھی ووٹنگ شروع ہوچکی ہے ۔ اس دوران ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ پینسلوانیہ کے پوسٹل ووٹوں کے بارے میں سپریم کورٹ کا فیصلہ تشدد کا باعث بن سکتا ہے۔

کینیڈا کی سرحد کے قریب جنگل میں واقع چھوٹے سے گاؤں ڈکس ول ناچ میں سب سے پہلے ووٹنگ کا آغاز ہوا اور ووٹنگ کے کچھ دیر بعد ہی نتائج کا بھی اعلان کر دیا گیا۔ڈکس ول ناچ کی آبادی بارہ افراد پر مشتمل ہے، اور انیس سو ساٹھ سے اس گاؤں کے رہائشی امریکا میں سب سے پہلے اپنا ووٹ کاسٹ کرتے ہیں۔ امریکا کے دیگر حصوں میں صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ شروع ہوچکی ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں ریاست پینسلوانیہ کی عدالت کے اس فیصلے پر کڑی نکتہ چینی کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈاک کے ذریعے ڈالے جانے والے ووٹوں کو، انتخابات کے تین روز بعد تک ووٹوں کی گنتی میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ ٹرمپ نے لکھا ہے کہ پینسلوانیہ کی عدالت کا یہ فیصلہ ملک میں تشدد پھوٹ پڑنے کا باعث بنے گا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ عدالت کے اس فیصلے سے دھاندلی کی کھلی چھوٹ مل گئی ہے اور پورے عدالتی نظام کو دھچکہ لگا ہے۔

دوسری جانب امریکی ایوان نمائندگان کی سربراہ نینسی پیلوسی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی کانگریس، صدارتی انتخابات کے حوالے سے کسی بھی تنازعے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ نینسی پیلوسی کا کہنا تھا کہ اگر صدارتی انتخابات کے نتائج کے بارے میں اختلافات پیدا ہوئے تو امریکی کانگریس ہی اس کا فیصلہ کرے گی۔

درایں اثنا آکژییس نامی ویب سائٹ نے لکھا ہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنے بعض قابل اعتماد ساتھیوں سے کہا ہے کہ وہ منگل کی رات اپنی فتح کا اعلان کردیں گے چاہے ان کے رقیب جو بائیڈن کو ان پر برتری ہی کیوں نہ حاصل ہو۔ ویب سا‏ئٹ کے مطابق ٹرمپ کی نجی گفتگو کے بارے میں یہ بات تین مختلف اور آگاہ ذریعوں نے اسے بتائی ہے۔

ادھر اطلاعات ہیں کہ پچھلے سات ماہ کے دوران امریکہ میں اسلحے کی فروخت کا سالانہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور اعداد شمار سے پتہ چلتا ہے کہ دو ہزار سولہ کے انتخابات کے موقع پر فروخت ہونے والے ہتھیاروں سے کئی گنا زیادہ ہتھیار اس سال فروخت ہوئے ہیں۔اسلحے کی فروخت میں بے تحاشا اضافے اور ٹرمپ کے بیانات کے پیش نظر بہت سے حلقے امریکا میں تشدد پھوٹ پڑنے کے خدشات ظاہر کررہے ہیں۔ انہیں خدشات کے پیش نظر امریکا کی سبھی ریاستوں میں سیکورٹی اہلکاروں کو پوری طرح الرٹ کردیا گیا ہے۔

 

 

ٹیگس