قاسم سلیمانی نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی پالیسیوں کو ناکام بنا دیا
دنیا کی اہم شخصیات کا کہنا ہے کہ فلسطین ، عراق، شام ، لبنان اور یمن کے سلسلے میں میجرجنرل شہید سلیمانی کی مخلصانہ خدمات اور قربانیوں کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائےگا ۔
دنیا کی اہم سیاسی، سماجی اور مذھبی شخصیات اور تجزیہ نگاروں نے شہید قاسم سلیمانی کی پہلی برسی کے موقع پر انھیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپاہ اسلام کے مایہ ناز ، بہادر ، شجاع ، مخلص اور ممتاز کمانڈر میجر جنرل شہید سلیمانی نے خطے میں امریکہ، اسرائیل اور ان کے اتحادی عربوں کی پالیسیوں کو ناکام بنانے اور عراق و شام کی ارضی سالمیت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔
خطے میں شہید سلیمانی کے مؤمنانہ اور مخلصانہ اقدام کے بارے میں یمن کے تجزیہ نگار اور یمنی وزارت تعلیم کے ڈائریکٹر عبدالوہاب الخلیل نے کہا ہے کہ شہید قاسم سلیمانی نے خطے میں امریکہ ،اسرائیل اور ان کے اتحادی عربوں کی پالیسیوں کو ناکام بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی شام کو تقسیم کرنے کی سازش اور پالیسی کو بھی ناکام بنادیا۔
حزب اللہ لبنان کی رابطہ عامہ کمیٹی کے رکن وفیق صفا نے شہید قاسم سلیمانی کو رحم دل ، مہربان اور دلسوز کمانڈرقراردیتے ہوئے کہا کہ شہید سلیمانی مجاہدین کے معنوی باپ تھے اور وہ ہمیشہ محاذ کی فرنٹ لائن پر رہتے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 3 جنوری کو امریکی دہشتگرد فوج نے ڈونلڈ ٹرمپ کے براہ راست حکم سے ایران کی قدس بریگیڈ کے کمانڈر، جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل ابو مہدی المہندس کو ان کے ساتھیوں کے ہمراہ فضائی حملہ کر کے شہید کر دیا تھا۔ شہید قاسم سلیمانی حکومت عراق کی باضابطہ دعوت پر بغداد پہنچے تھے اور وہ حکومت عراق کے مہمان تھے۔