جاتے جاتے اپنوں کو نواز گئے ٹرمپ
امریکی صدر ٹرمپ نے اپنی صدارت کے آخری چند گھنٹوں میں بھی اپنے پیاروں کو نوازنے کا سلسلہ جاری رکھا۔
امریکی صدر ٹرمپ نے اپنی صدارت کے آخری چند گھنٹوں میں بھی اپنا کام کردیا اور اپنے بچوں کیلئے امریکہ کی خفیہ سروس سے استفادہ کرنے کیلئے 6 ماہ کی مہلت بڑھا دی۔ اس کے علاوہ ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ صدارت کے آخری روز 73 افراد کو صدارتی معافی دیکر اپنوں کو نوازنے کی تاریخ رقم کردی۔
ٹرمپ نے اپنے عہدے کے اختتام سے محض 4 گھنٹے قبل 73 نہایت قریبی ساتھیوں اور رشتہ داروں کو مختلف الزامات میں سزاؤں کو صدارتی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے معاف یا کم کردیا ہے۔
وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سزاؤں میں کمی سے فائدہ اُٹھانے والوں میں صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے کمپین مینیجر اور سینئر مشیر اسٹیو بینن بھی شامل ہیں جن پر امریکہ اور میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے چندے میں کرپشن کا الزام تھا۔
اسٹیو بینن کے علاوہ ٹرمپ نے فارن لابنگ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ایلیٹ برائڈی کو بھی صدارتی معافی دی ہے۔ برانڈی نے صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے لیے خطیر رقم بطور چندہ دی تھی۔
صدارتی معافی پانے والوں میں مشی گن کے شہر ڈیٹرائٹ کے سابق میئر ویم کلپیٹرک بھی شامل ہیں جن کو اختیارات کے غلط استعمال، رشوت، بھتہ خوری اور دھوکہ دہی کے جرم میں 20 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
ٹرمپ نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں سزا پانے والے معروف گلوکار ڈیان کارٹر جونیئر کی سزا میں بھی کمی کر دی ہے جو لل ویان کے نام سے شہرت رکھتے ہیں۔ اس طرح صدارتی معافی پانے والوں میں سب ہی کسی نہ کسی طرح صدر ٹرمپ کے رفقا یا قریبی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی صدر ٹرمپ انتخابی مہم کے سابق مینیجر پال مینافورٹ، مشیر روجر اسٹون، قومی سلامتی کے مشیر مائیکل فلن اور داماد جیرڈ کشنر کے والد چارلز کشنر کو بھی صدارتی معافی دے چکے ہیں۔