Mar ۱۶, ۲۰۲۱ ۰۷:۳۱ Asia/Tehran
  • بیچنگ میں ریت کا طوفان، حدنگاہ 5 میٹر سے بھی کم
    بیچنگ میں ریت کا طوفان، حدنگاہ 5 میٹر سے بھی کم

چین کے دارالحکومت بیجنگ سمیت ملک کے متعدد صوبوں میں ریت کے شدید ترین طوفان سے6 افراد ہلاک ہوگئے۔

شمالی چین کے علاقے انرمنگولیا میں طوفان کی وجہ سے شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی اور متعدد پروازیں منسوخ کردی گئيں۔ طوفان سے روزمرہ کے معمولات  شدید متاثر ہوا اورحد نگاہ 5 میٹر سے بھی کم ہوگئی۔ اس دوران کئی عمارتوں کے شیشے اور دیواریں گر گئیں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ مختلف مقامات پر حادثات بھی پیش آئے،جن میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق ریت کے طوفان کے باعث بیجنگ سمیت 12صوبے بری طرح متاثر ہوئے اور کئی شہروں میں فضائی آلودگی میں 160 گنا اضافہ ہوگیا۔

حکومت کی جانب سے سانس کی بیماری میں مبتلا افراد کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اسے دہائی کا بدترین ریت کا طوفان قرار دیا ہے۔

اس سے پہلے بھی بیجنگ کئی بار ریت کے طوفانوں سے متاثر ہوچکا ہے، لیکن عمارتوں اور دیگر تعمیرات کے ذریعے وہاں صورت حال بہتر ہوگئی تھی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق دارالحکومت اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں میں فضائی آلودگی بڑی حد تک بڑھ چکی ہے۔

ٹیگس