امریکہ کو غیر مشروط طور پر جوہری معاہدے میں واپس آنا چاہئیے : چین اور روس کا انتباہ
چین اور روس کے وزرائے خارجہ نے ایران کے خلاف پابندیوں کے خاتمے اور غیر مشروط طور پر جوہری معاہدے میں امریکہ کی واپسی پر تاکید کی ہے۔
سی جی ٹی این ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اپنے دورہ چین کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے میں اہم علاقائی، عالمی اور جوہرے معاہدے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
سرگئی لاوروف نے اس موقع پر امریکہ کی خود غرضانہ پالیسی پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ روس اور چین کو چاہئیے کہ وہ امریکہ کے دباو ڈالنے والے ہتھکنڈوں کا مقابلہ کرے اور اپنے مشترکہ مفادات اور عالمی تعاون کی پالیسی کیلئے مشترکہ اقدامات کرے۔
واضح رہے کہ امریکہ کے سابق صدر ٹرمپ نے آٹھ مئی دو ہزار اٹھارہ کو یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر بین الاقوامی ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اور ایران کے خلاف پابندیوں کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔ امریکہ کے اس اقدام کے بعد ایران نے یورپی ملکوں کی جانب سے ایٹمی معاہدے پر مکمل طور پر عمل کئے جانے کی شرط پر اس بین الاقوامی معاہدے سے متعلق اپنے تمام وعدوں پر عمل جاری رکھنے اور اس معاہدے کو بچانے کی بھرپور کوشش کی مگر بین الاقوامی ایٹمی معاہدے کے تحفظ کے لئے یورپی ملکوں نے بھی اپنے وعدوں پر کوئی عمل نہیں کیا۔