May ۲۷, ۲۰۲۱ ۱۹:۲۰ Asia/Tehran
  • امریکہ دوسروں کو چھوڑے، اپنے پریشاں حال عوام پر توجہ دے: چین

چین کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے حکومت امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دیگر ملکوں کے داخلی امور میں مداخلت کرنے کے بجائے اپنے ملک کے عوام کے مسائل و مشکلات حل کرنے کی کوشش کرے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے امریکہ کے سیاہ فام شہری جارج فلوئیڈ کے قتل کی پہلی برسی کے موقع پر ایک پریس کانفرنس میں امریکی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دیگر ملکوں کے خلاف غلط اور جھوٹا پروپیگنڈہ اور ان ملکوں کے اندرونی مسائل میں مداخلت کرنے کے بجائے اپنے ملک کے عوام کو امن و سکون فراہم کرنے کی کوشش کرے۔

قابل ذکر ہے کہ پچیس مئی دو ہزار بیس کو سفید فام امریکی پولیس افسر نے اپنے زانو سے تقریبا نو منٹ تک سیاہ فام امریکی شہری جارج فلوئیڈ کی گردن دبائے رکھی یہاں تک کہ اس کا دم نکل گیا۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے کہا کہ اس وقت بہت سے امریکی شہریوں کا یہ حقیقت پسندانہ سوال ہے کہ امریکہ کے سیاہ فام شہری جارج فلوئیڈ کے قتل کے ایک سال بعد امریکہ میں کیا کوئی تبدیلی واقع ہوئی ہے؟ 

امریکہ میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں سالانہ ہزاروں افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ امریکہ میں اسلحہ کی خرید و فروخت پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہے جس کی بنا پراس قسم کے واقعات وہاں کے معمولات میں شامل ہو چکے ہیں۔

چین کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ انسانی حقوق، قومی امتیازی سلوک اور منظم جرائم کے تعلق سے امریکہ کا ریکارڈ ہمیشہ بہت خراب رہا ہے اور یہ حقیقت عالمی رائے عامہ سے پوشیدہ نہیں ہے اور بعض امریکی حکام نے بھی اس حقیقت کا اعتراف کیا ہے۔

ٹیگس