سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے ساتھ ہی شمالی کوریا کا ایک اور میزائلی تجربہ
امریکہ، فرانس اور برطانیہ کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے ساتھ ہی شمالی کوریا نے ایک اور میزائلی تجربہ کیا۔
شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا نے ایک نئے اینٹی ائیر کرافٹ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
اس سے قبل بدھ کے روز بھی شمالی کوریا نے آواز کی رفتار سے پانچ گنا تیزی سے سفر کرنے والا ہائپرسونک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔
شمالی کوریا کی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انتہائی اسٹریٹجک اہمیت کے حامل اس میزائل کو جوہری ہتھیار لے جانے کے قابل بنایا جا رہا ہے جو ملک کے دفاع کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا اقوام متحدہ کی پابندیوں، امریکہ سے معاہدے اور جنوبی کوریا سے ڈیل کو بالائے طاق رکھتے ہوئے رواں ماہ پہلے ہی ایٹمی صلاحیتوں کے حامل کروز میزائل اور بیلسٹک میزائل کے تین تجربات کرچکا ہے۔
شمالی کوریا کے میزائلی تجربے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس جمعرات کو بلایا گیا تھا۔