امریکی اسکول میں فائرنگ سے 11 طلباء و طالبات ہلاک و زخمی
امریکی ریاست مشی گن کے اسکول میں طالب علم کی فائرنگ سے3 طلبا ہلاک اور 6 طلبا سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست مشی گن کے اسکول میں15سال کے طالب علم نے ساتھی طلبا پرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں3 طلبا ہلاک اور6 طلبا و طالبات اورایک ٹیچر سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک 17 سالہ طالبہ، 16 سالہ طالبعلم اور 14 سالہ طالبہ شامل ہیں۔
پولیس نے فائرنگ کرنے والے طالب علم کوگرفتار کرکے ہینڈ گن قبضے میں لے لی۔ پولیس کے مطابق طالب علم نے سیمی آٹومیٹک گن سے15سے20 راؤنڈ فائرکئے۔
امریکہ میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں سالانہ ہزاروں افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں ۔
سرکاری سطح پر جاری کئے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق امریکی سماج میں 27 کروڑ سے تیس30 کروڑ تک ہتھیار گردش کر رہے ہیں۔ یعنی ہر شخص کے پاس اوسطا ایک آتشیں ہتھیار موجود ہے۔
امریکہ میں اسلحہ کی خرید و فروخت پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہے جس کی بنا پراس قسم کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔
امریکہ کے عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر پابندی کے مطالبات کے باوجود اسلحہ ساز کمپنیوں اور حکومت میں ان کی لابنگ کے نتیجے میں امریکی کانگریس کوئی موثر اقدام کرنے کی توانائی سے اب تک قاصر رہی ہے۔
امریکہ میں آتشیں ہتھیار بیچنے اور رکھنے کی کھلی چھوٹ کے باعث اس طرح کے واقعات معمول بن چکے ہیں ۔