Dec ۲۵, ۲۰۲۱ ۱۱:۰۲ Asia/Tehran
  • پوری دنیا میں او میکرون ویرینٹ سے 4 ہزار پروازیں منسوخ

پوری دنیا میں کورونا وائرس کے او میکرون ویرینٹ پھیلنے کا خدشہ ہے۔

پوری دنیا میں کورونا وائرس کے او میکرون ویرینٹ پھیلنے اور نئے عیسوی سال کی چھٹیوں کے موقع پر ایر لائنز کمپنیوں نے پوری دنیا میں 4 ہزار پروازیں منسوخ کر دیں۔ جبکہ ان میں سے ون فورتھ پروازیں یا تو امریکہ کیلئے تھیں یا پھر امریکہ سے باہر دوسرے ممالک کیلئے۔

برطانیہ میں مسلسل دوسرے دن کورونا کے ایک لاکھ سے زائد کیسز سامنے آگئے، 24 گھنٹوں میں کورونا سے ایک لاکھ 19 ہزار 789 افراد متاثر ہوئے جبکہ  147 افراد ہلاک ہوگئے۔

جرمنی میں کورونا وائرس کے اومیکرون ویرینٹ سے پہلی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اومیکرون ویرینٹ سے متاثرہ شخص کی عمر 60 سال سے زائد ہے۔

جرمنی میں اومیکرون ویرنٹ کے 810 نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 3 ہزار 198 ہوچکی ہے۔

امریکی محکمہ جنگ کے 7 اسٹاف ممبرز کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

ترجمان پنٹاگون کے مطابق کورونا سے متاثرہ اسٹاف ممبرز نے گزشتہ ہفتے ریاست ہوائی کا دورہ کیا تھا۔

ترجمان نے کا مزید کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ اسٹاف کے تمام افراد قرنطینہ میں ہیں۔

خلیج فارس کے 6 عرب ریاستوں میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں تیزی کا رجحان دیکھا جارہا ہے،  خلیج فارس کے ان ممالک میں اومیکرون ویرینٹ کے کیسز بھی رپورٹ ہوچکے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 1002 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، امارات میں 2 دسمبر کو کورونا کیسز کی تعداد 68 تھی۔

ابوظبی میں سرکاری ملازمین کو پی سی آرٹیسٹ کروانے کے احکامات دے دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب سعودی عرب میں 252، کویت میں 143، عمان، قطر، بحرین میں بھی کورونا کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب  ہندوستان میں کورونا کے اومیکرون ویرینٹ کا پھیلاؤ جاری ہے، جہاں اومیکرون ویرینٹ کے کیسز کی تعداد 236 ہوگئی ہے۔

ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق ریاست مہاراشڑا میں اومیکرون ویرینٹ کے سب سے زیادہ 65 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ نئی دلی میں اومیکرون ویرینٹ کے 64 کیسز رپورٹ ہوئے۔

نئی دہلی میں کورونا اور اومیکرون ویرینٹ کے پھیلاؤ کے سبب کرسمس اور سالِ نو کی تقریبات پر پابندی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

در ایں اثناء یو کے ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے اومیکرون سے متعلق ابتدائی نتائج کو حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔

تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مختلف ممالک میں اومیکرون سے متعلق اسٹڈی رپورٹس اس کی شدت میں کمی کا اشارہ کر رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اومیکرون سے متاثرہ افراد کے ایمرجنسی میں جانے کا امکان 31 سے 45 فیصد کم ہے، 50 سے 70 فیصد کم افراد کو اسپتال داخل ہوکر علاج کی ضرورت پڑتی ہے۔

ٹیگس