امریکہ نے عراق سے فوجی سازوسامان شام بھیجا
شام میں غیر قانونی طور پرغاصب امریکی فورسز کی طرف سے فوجی رسد بھیجے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب شام کے ایک مقامی ذریعے نے بتایا کہ غاصب امریکیوں نے مشرقی شام کی آئل فیلڈ میں واقع اپنی چھاونیوں کے لئے رسد کے طور پر فوجی سازوسامان بھیجا ہے۔
اس شامی ذریعے نے نام ظاہر نہ ہونے کی شرط پر اس بارے میں کہا کہ عراق میں موجود امریکی فورسز نے بکتربند گاڑیوں، ٹینک، بولڈوزر اور سیل بند کنٹینر پر مشتمل 30 ٹرک مشرقی شام بھیجے ہیں۔ ان سیل بند کنٹینروں کے بارے میں خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان میں میزائیل اور گولہ بارود تھے۔
امریکیوں نے یہ فوجی کارواں ایسی حالت میں شام بھیجا ہے کہ 5 جنوری کو مشرقی شام کے المیادین شہر کی العمر آئل فیلڈ پر 10 میزائیل داغے گئے تھے۔
شامی حکومت اپنے ملک کی سرزمین پر غاصب امریکی فوجیوں اور سیرین ڈیموکریٹک فورسز کی موجودگی کو غیر قانونی قرار دے کر انکے نکلنے کا مطالبہ کرتی ہے۔ شامی حکومت کا کہنا ہے امریکی فورسز اور سیرین ڈیموکریٹک فورسز ایس ڈی ایف، مشرقی شام میں تیل کے ذخائر کو لوٹنے کے مقصد سے وہاں موجود ہے۔