یوکرین کو فوری طور پر ترک کردیں، امریکہ کی اپنے شہریوں سے درخواست
امریکہ نے دعوی کیا ہے کہ روس کسی بھی وقت یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے یوکرین میں مقیم تمام امریکی باشندوں سے کہا ہے کہ وہ 24 سے 48 گھنٹوں کے اندر یوکرین کو ترک کردیں۔
انہوں نے وہائٹ ہاوس میں پریس کانفرنس میں کہا کہ حالات بری طرح کشیدہ ہیں اور ہر طرف خطرے کی گھنٹی بج رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روس کے صدر ولادیمیر پوتین کسی بھی وقت یوکرین پر حملے کا فرمان جاری کر سکتے ہیں۔ اور شاید یہ حملہ چین میں شروع ہونے والے اولمپیک گیمز کے موقع پر بھی ہو۔
واضح رہے کہ امریکہ اور نیٹو میں اس کے اتحادی ممالک ، روس پر یوکرین کے خلاف حملہ کرنے کی تیاری کا الزام لگا رہے ہیں اس کے جواب میں روس نے یوکرین پر حملے کی تیاری کے الزام کو مسترد کردیا ہے اور امریکہ اور اس کے یورپی اتحادیوں پر جان بوجھ کر کشیدگی پیدا کرنے کا الزام لگایا ہے۔
یوکرین پر روس کے ممکنہ حملے کے بارے میں امریکی حکام کے دعوؤں کے دوران امریکی نیوزچینل فاکس نیوز نے کانگریس کے ایک عہدیدار کے حوالے سے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کے چیف آف آرمی اسٹاف مارک میلی نے کانگریس کے خفیہ اجلاس میں کہا ہے کہ یوکرین پر روس کے بھرپور حملے کی صورت میں کی ایف حکومت 72 گھنٹے میں گرجائے گی ۔
مغربی حکام اور ذرائع ابلاغ ، یوکرین پر روس کے حملے کا زور و شور سے پروپیگنڈہ کر رہے ہیں اور اسی بہانے سے انھوں نے ماسکو پر دباؤ بھی بڑھا دیا ہے ۔
امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے اس خیالی حملے کے بہانے روس پر سنگین پابندیاں عائد کردی ہیں اور مشرقی یورپ میں جنگی ساز وسامان اور اپنے فوجیوں کی تعداد بڑھا دی ہے۔