روس یوکرین اور یوروپ سے جنگ نہیں چاہتا: پوتین
روس کے صدر نے کہا کہ ان کا ملک یوروپ اور یوکرین سے جنگ نہیں چاہتا اسی لئے سکورٹی ضمانت کی تدبیر پیش کی ہے۔
ولادیمیر پوتین نے منگل کے روز ایوان کرملن میں جرمن چانسلر اولاف شولٹز کے ساتھ پریس کانفرنس میں یہ مطالبہ دہرایا کہ مغربی ممالک روس کی سرحد پر اسلحے تعینات کرنے اور نیٹو کو مشرقی یوروپ میں توسیع دینے سے بچیں۔
تقریبا دو مہینہ پہلے امریکی میڈیا نے یوکرین کی سرحد پر 1 لاکھ روسی فوجیوں کی تعیناتی کے ساتھ 2022 کے آغاز سے یوکرین پر روس کے ممکنہ حملے کے بارے میں بے بنیاد پروپیگنڈا شروع کیا جس سے مشرقی یوروپ میں کشیدگی بڑھ گئی۔
روس بار بار کہہ چکا ہے کہ یوکرین سے ملی سرحد پر فوجی موجودگی معمول کا ایک اقدام ہے، لیکن امریکہ اور اس کے اتحادی یوکرین کے ساتھ روس کے سرحدی حالات کو کشیدہ ظاہر کرنے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔
روس نے یوکرین کے معاملے میں کشیدگی کم کرنے کے مقصد سے مغرب کی طرف سے روس کو سکورٹی ضمانت دیئے جانے کا مطالبہ کیا جس میں نیٹو کی مشرقی یوروپ کی طرف پیشقدمی پر روک اور خطے سے نیٹو فورسز کا نکلنا شامل ہے۔