یوکرین کے دو علاقوں کو تسلیم کرنے پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب
روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے یوکرین کے دو علاقوں کو آزاد تسلیم کرلیا جس پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔
روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے یوکرین کے دو علاقوں ڈونئیسک اور لوہانسک کو آزاد تسلیم کرتے ہوئے امن دستے بھیجنے کا حکم دیا ہے۔
ولادیمیر پوتین نے روسی قوم سے خطاب میں اعلان کیا کہ انہوں نے یوکرین کے دو علاقوں کو آزاد ریاستوں کے طور پر تسلیم کرنے کے حکم نامے پر دستخط کردیے ہیں اور روسی پارلیمنٹ سے کہا ہے کہ وہ جلد از جلد اس کی توثیق کرے۔
رپورٹوں کے مطابق روس کے اس اقدام پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ جبکہ روس نوازوں کے زیر اثر ان علاقوں سے متعلق فیصلے سے جرمنی اور فرانس کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے اور برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن اور نیٹو کے سیکریٹری جنرل اسٹولٹن برگ نے روس کے اس عمل کی مذمت کی ہے۔
ادھر امریکا نے ڈونئیسک اور لوہانسک پر پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔