یوکرین، جنگ میں آئی شدت، پوتین کے ہاتھ کھلے، ملک سے باہر فوج کے استعمال کی ملی اجازت
روس کے اراکین اسمبلی نے صدر ولادیمیر پوتین کو ملک سے باہر فوج کے استعمال کے لیے فیصلہ کرنے کا اختیار دے دیا۔
خبرایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق روس کے ایوان بالا فیڈریشن کونسل نے روس سے باہر فوج کے استعمال کی اجازت دینے کے لیے ولادیمیر پوتین کو متفقہ طور پر اختیار دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق اس کا اطلاق باغی علاقوں میں روسی فوج کی تعیناتی پر بھی ہوگا جہاں 8 سالہ تنازع کے دوران تقریباً 14 ہزار افراد مارے جاچکے ہیں۔
یورپ کے کئی رہنماؤں کا دعوی ہے کہ پوتین کی جانب سے تسلیم کیے جانے کے بعد روسی فوج مشرقی یوکرین میں باغیوں کے علاقوں کی طرف روانہ ہوگئی ہے۔
یوکرین اور اس کے مغربی اتحادیوں کا دعوی ہے کہ روسی فوج 2014 میں باغیوں کے ساتھ تنازع کے آغاز سے ہی مذکورہ علاقے میں لڑ رہی ہے۔
ادھر برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے روس کے 5 بینکوں اور 3 امیر ترین افراد پر پابندیاں لگانے کا اعلان کردیا تھا۔
بورس جانسن نے اسے پابندیوں کا پہلا مرحلہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان تینوں ارب پتی افراد کے اثاثے منجمد کیے جاتے ہیں اور ان کے برطانیہ میں داخلے پر پابندی ہوگی، جبکہ برطانیہ کے تمام افراد اور اداروں کے ان سے کسی بھی قسم کے لین دین پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔