Feb ۲۶, ۲۰۲۲ ۰۸:۰۰ Asia/Tehran
  • روس یوکرین سے مذاکرات کے لئے وفد بھیجنے کو تیار

روس کے صدر ولادیمیر پوتن یوکرین کے ساتھ مذاکرے کے لیے بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں ایک وفد بھیجنے کو تیار ہیں۔

یوکرین کے خلاف روسی آپریشن شروع کرنے کے ایک روز بعد یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے روس کے رہنما سے مذاکرت کی اپیل کی اور کہا ہے کہ وہ یوکرین کی ’غیر جانبداری‘ پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔ روسی ایوان صدر کریملن کا کہنا ہے کہ صدر پوتین نے یوکرین کے صدر زیلینسکی کی تجویز پر غور کیا ہے۔

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا،’ولودیمیر پوتن زیلنسکی کی پیشکش کے جواب میں منسک میں ایک روسی وفد منسک بھیجنے کے لیے تیار ہیں‘۔ انٹرفیکس نے ان کے حوالے سے بتایا کہ وفد میں وزارت دفاع، وزارت خارجہ اور صدارتی انتظامیہ کے حکام شامل ہوں گے۔

اُدھر چین کی وزارت خارجہ نے بھی کہا ہے کہ پوتین نے چین کے صدر شی جن پنگ سے فون پر بات چیت میں کہا کہ روس، یوکرین کے ساتھ اعلیٰ سطحی مذاکرے کے لیے تیار ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل روسی وزیر خارجہ نے سرگئی لاوروف نے یہ اعلان کیا تھا کہ یوکرینی فوج کے تسلیم ہو جانے کی صورت میں ماسکو کی ایف کے ساتھ فوری طور پر مذاکرات کرنے کو تیار ہے۔

یاد رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتین نے اکیس فروری کو دونیتسک اور لوہانسک کو آزاد جمہوریہ کے طور پر تسلیم کیا تھا اور دونوں جمہوریہ کی طرف سے فوجی امداد کی درخواست کے بعد اس ہفتے یوکرین کے خلاف فوجی آپریشن کا آغاز کر دیا۔

 

ٹیگس