Feb ۲۷, ۲۰۲۲ ۰۷:۱۴ Asia/Tehran
  • روس کے بینکوں پر سوئفٹ مالیاتی نظام کے دروازے بند کر دئے گئے

یوکرین کے خلاف روس کی عسکری کاروائی پر عالمی رد عمل کا سلسلہ جاری ہے۔ اس درمیان متعدد یورپی و مغربی ممالک نے روسی بینکوں کے خلاف ایک سخت قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

آئی آر آئی بی نیوز کے مطابق روس کے سینٹرل بینک کے اثاثے کو منجمد کرنے پر مبنی یورپی کمیشن کے سربراہ کے اعلان کے کچھ ہی دیر بعد امریکہ، کینیڈا، فرانس، اٹلی، برطانیہ، جرمنی اور یورپی کمیشن نے روسی بینکوں کو عالمی مالیاتی نظام سوئفٹ سے الگ کر دیا۔

سوئفٹ ایک بین الاقوامی مالیاتی نظام ہے جس کے ذریعے ممالک آپس میں پیسوں کا لین دین کر کے سہولت کے ساتھ اپنی اقتصادی و تجارتی سرگرمیوں کو آگے بڑھاتے ہیں۔

مذکورہ ممالک نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں آیا ہے کہ ہم خود کو ایسے اقدامات کا پابند سمجھتے ہیں جو روس کے سینٹرل بینک کو بیرون ملک موجود اپنے ذخائر کو استعمال کرنے سے روک دیں۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے بھی کہا ہے کہ انہوں نے اپنے حلیف ممالک کے ساتھ مل کر روس کو بین الاقوامی نظام سے الگ تھلگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں روسی بینکوں کی سوئفٹ سسٹم سے علیحدگی بھی شامل ہے۔

اس سے قبل یورپی کمیشن کے سربراہ فون درلائن نے کہا تھا کہ ہم روس کے سینٹرل بینک کے اثاثوں کو منجمد کر دیں گے اور ساتھ ہی روس کے کچھ بینکوں کے لئے سوئفٹ مالیاتی نظام کا استعمال بھی غیر ممکن ہو جائے گا۔

خیال رہے کہ کئی ہفتوں کی قیاس آرائیوں کے بعد روس نے آخرکار یوکرین کے خلاف جمعرات سے جنگ کا آغاز کر دیا ہے جو اب تک جاری ہے۔ روس کے اس اقدام پر سخت عالمی ردعمل کا سلسلہ جاری ہے تاہم روس اور اسکے اتحادیوں کا کہنا ہے کہ یہ جنگ امریکہ اور نیٹو میں اسکے اتحادیوں کی اشتعال انگیزی کا شاخسانہ ہے۔

 

ٹیگس