پوتن کے بچوں پر امریکی پابندی
ماسکو پر جنگی جرائم کے ارتکاب کا الزام عائد کرتے ہوئے امریکا نے روس پر مزید پابندیاں عائد کردی ہیں۔
نئی پابندیوں میں روسی بینکوں اور اشرافیہ کو نشانہ بنایا گیا ہے، پابندیوں میں روس میں کسی بھی امریکی پر سرمایہ کاری کرنے پر پابندی بھی شامل ہے۔
ایک سینئر امریکی عہدیدار نے صحافیوں کو بتایا کہ نئی پابندیوں کے تحت روس کے سبربینک پر مکمل بلاکنگ پابندیاں لگائی گئی ہیں۔
سبر بینک روس کے کل بینکنگ اثاثوں کا ایک تہائی حصہ رکھتا ہے جبکہ ان پابندیوں سے توانائی کے لین دین کو روک دیا گیا ہے۔
سرکاری عہدیدار نے مزید بتایا کہ امریکا، روسی صدر ولادیمیر پیوتن کی بالغ بیٹیوں، روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کی اہلیہ اور بیٹی اور روس کی سلامتی کونسل کے ارکان پر بھی پابندیاں عائد کر رہا ہے جبکہ امریکیوں پر روس میں سرمایہ کاری کرنے پر بھی پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکا، روس کے سب سے بڑے بینکوں کو منقطع کر کے روس پر مالیاتی دباؤ ڈرامائی طور پر بڑھاتا جا رہا ہے اور ان پابندیوں کے باعث روس کو 1980 کی دہائی کے سوویت یونین کے معیار زندگی پر مجبور کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ خیال رہے کہ امریکا سمیت دیگر اتحادی ممالک کے رہنماؤں نے یوکرین کے خلاف روس کی جارحیت کے ردعمل میں دباؤ بڑھانے کے لیے رواں سال فروری میں بھی روس پر مالی، تجارتی اور سفری پابندیاں اور دیگر اقدامات کا اعلان کیا تھا۔