روس میں برطانوی وزیر اعظم اور دیگر وزراء کا داخلہ ممنوع: ماسکو
Apr ۱۶, ۲۰۲۲ ۱۸:۴۹ Asia/Tehran
ماسکو نے روس کے خلاف برطانیہ کی پابندیوں پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ملک میں برطانوی وزیر اعظم اور دیگر وزراء کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
برطانیہ نے یوکرین میں روس کی کارروائی پر رد عمل میں روسی معیشت کو مفلوج کرنے کے لئے ماسکو کے مختلف صنعتی و دفاعی شعبوں اور شخصیات پر پابندی عائد کر دی ہے۔ روس کی وزارت خارجہ نے برطانوی پابندیوں کے جواب میں آج برطانوی وزیر اعظم، وزیرخارجہ، وزیر دفاع اور دس دیگر سیاسی رہنماؤں اور حکام پر روس میں داخل ہونے پر پابندی کا اعلان کیا ہے۔
روس کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ یہ پابندیاں روس کے اعلی حکام و شخصیات کے خلاف برطانوی حکومت کے دشمنانہ اقدام کے جواب میں عائد کی گئی ہیں اور جلد ہی اس فہرست میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔