جارج بش نے عراق پر حملے کو ظالمانہ اور غیر منصفانہ قرار دے دیا!!!+ ویڈیو
امریکا کے سابق صدر جارج ڈبلیو بش نے عراق پر امریکا اور اس کے اتحادیوں کے حملے کو ’ظالمانہ‘ اور ’غیر منصفانہ‘ قرار دے دیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے ڈلاس میں ایک تقریب سے حطاب میں غیر دانستہ طور پر عراق پر حملے کو ’ظالمانہ‘ اور ’غیر منصفانہ‘ قرار دینے کے بعد اپنی تصحیح کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مطلب یوکرین پر روس کا حملہ ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب کے دوران روسی سیاسی نظام پر تنقید کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔
جارج بش نے کہا کہ یہ روس میں احتساب کا مؤثر نظام نہ ہونے کا نتیجہ ہے اور عراق پر مکمل طور پر بلاجواز اور وحشیانہ حملہ کرنا ایک شخص کا فیصلہ ہے، غلطی ظاہر کرنے کے طور پر اپنا سر ہلاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ میرا مطلب یوکرین‘ ہے۔
انہوں نے مزاحیہ طور پر اپنی عمر کو ذمہ دار ٹھہرایا جس پر انہیں سننے والے ہنستے ہوئے دکھائی دیئے۔
2003 میں جب جارج ڈبلیو بش امریکا کے صدر تھے تو انہوں نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی موجودگی کا بہانہ بنا کر عراق پر حملہ کیا تھا تاہم وہ ہتھیار کبھی نہیں ملے۔
طویل دورانیہ تصادم میں ہزاروں شہری ہلاک ہوئے تھے جبکہ متعدد نقل مکانی کر گئے تھے۔
جارج بُش کے ریمارکس فوری طور پر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے اور ڈلاس نیوز کے رپورٹر کی پوسٹ کو لاکھوں افراد نے دیکھا۔