امریکہ میں پھر فائرنگ، 6 ہلاک و زخمی
امریکہ میں ہونے والی فائرنگ سے 6 افراد ہلاک و زخمی ہو گئے۔
امریکی ریاست میری لینڈ کے اسمتھسبرگ میں ایک مشین پلانٹ میں ہوئی فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
واشنگٹن کاؤنٹی شیرف کے دفتر کے مطابق، یہ واقعہ جمعرات کی دوپہر 2:30 بجے کے قریب پیش آیا۔ سی بی ایس نیوز کے مطابق فائرنگ کرنے والا شخص واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ تاہم بعد میں مقامی پولیس نے اس کا سراغ لگا لیا۔
اسمتھسبرگ، واشنگٹن ڈی سی سے تقریباً 110 کلومیٹر کے فاصلے پر شمال مغرب میں واقع ہے۔
دوسری جانب امریکہ کے مشی گن میں کچھ دن پہلے ایک سیاہ فام شخص کو سفید فام پولیس افسر نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
اس معاملے کا ویڈیو جاری ہونے پر لوگوں نے بڑی تعداد میں احتجاج بھی کیا تھا۔ اب واردات کو انجام دینے والے پولیس افسر کو سیکنڈ ڈگری قتل کا مجرم قرار دیا گیا ہے، کینٹ کاؤنٹی میں پراسیکیوٹر کرسٹوفر بیکر نے جمعرات کو ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ تفتیش کے دوران، ہم نے افسر کو سیکنڈ ڈگری قتل کا قصوروار پایا اس لئے اسے لائف پیرول کی سزا سنائی جاتی ہے، چونکہ افسر کے خلاف خاطر خواہ ثبوت دستیاب نہیں ہیں، اس لیے اس پر فرسٹ ڈگری قتل کا الزام نہیں لگایا جا سکا۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی ریاست مشی گن کی گرینڈ ریپڈ کاؤنٹی میں ایک 26 سالہ سیاہ فام نوجوان پیٹرک لیویا کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ فائرنگ کا واقعہ اس وقت رونما ہوا جب پیٹرک اپنی کار میں سوار تھا۔