Jun ۱۷, ۲۰۲۲ ۰۹:۵۴ Asia/Tehran
  • ایران و وینیزویلا یکطرفہ اور غیر قانونی پابندیوں کی زد میں

وینیزویلا کے صدر نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایران و وینیزویلا امریکہ کی غیر قانونی پابندیوں کا شکار ہوئے ہیں۔

وینیزویلا کے صدر نیکولس مادورو نے گزشتہ شب الجزیرہ ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سفارتی اور پر امن مذاکرات چاہتے ہیں لیکن اس کے باوجود ایران اور وینیزویلا یک طرفہ اور غیر قانونی پابندیوں کا شکار ہوئے ہیں۔

وینیزویلا کے صدر کا کہنا تھا کہ مارچ کے مہینے میں  ایک امریکی وفد کے ساتھ گفتگو ہوئی اور اس کے بعد سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپ نے روس کے خلاف اقتصادی جنگ اور پابندیوں کا سہارا لے کر بڑی غلطی کی اور اس قسم کے اقدامات عدم استحکام کا باعث بنے۔ 

نیکولس مادورو  نے کہا کہ دنیا کے ممالک کو چاہئیے کہ وہ  یوکرین کے مسئلے کو سفارتی طریقے اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے دنیا کے ممالک سے اپیل کی کہ وه فلسطینی عوام کے ساتھ زیادہ سے زیادہ یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وینیزویلا کے صدر نیکولس مادورو نے ایران کا دورہ کیا تھا اور  اس دورے کے دوران انہوں نے رہبر انقلاب اسلامی، صدر مملکت اور دوسرے اعلی حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔

ٹیگس