Jul ۱۳, ۲۰۲۲ ۰۹:۴۴ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

امریکی صدر کے دورے کے خلاف مظاہرے کئے جانے کی کمپین زور و شور سے جاری ہے۔

شہاب نیوز کی رپورٹ کے مطابق غرب اردن کے فلسطینی نوجوانوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعرات کے روز تک رام اللہ میں امریکہ مخالف مظاہرے کریں۔

امریکی صدر جو بائیڈن آج سے مغربی ایشیا کا دورہ شروع کرنے والے ہیں۔ اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں وہ مقبوضہ فلسطین کا دورہ کریں گے۔ ان کے پروگرام میں سعودی عرب کا دورہ بھی شامل ہے جہاں وہ سعودی حکام سے ملاقات کرنے کے علاوہ خلیج فارس کے رکن ملکوں کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے امریکہ کے صدارتی انتخابات میں عوام سے کئے جانے والے  اپنے وعدوں سے منہ پھیر لیا ہے۔ انہوں نے انتخابی کیمپین کے دوران سعودی عرب کو انسانی حقوق کے حوالے سے سخت ہدف تنقید بنایا تھا اور کہا تھا کہ سعودی عرب انسانی حقوق کی پاسداری نہیں کر رہا اس لئے وہ سعودی عرب سے تعلقات کو فروغ نہیں دیں گے اور یمن کے خلاف سعودی جارحیت بند ہونی چاہئیے۔

لیکن اب وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ انکا موقف بدل چکا ہے اور وہ اب نہ تو یمن کے خلاف سعودی جارحیت ختم ہونے کے خواہاں رہ گئے ہیں اور نہ ہی سعودی عرب میں انسانی حقوق منجملہ جمال خاشقجی کے قتل کا معاملہ ان کو کھٹکتا ہے۔

تیل کی بڑھتی قیمتوں کے بعد اب امریکی صدر نے سعودی عرب جانے کا فیصلہ کیا، جس نے واضح کر دیا ہے کہ امریکہ کے ذاتی مفادات اس کے لئے ہر چیز حتیٰ انسانی حقوق پر فوقیت رکھتے ہیں۔

 

ٹیگس