سابق امریکی صدر ٹرمپ کے مکان پر ایف بی آئی کا چھاپہ، لاکرز توڑ دئے
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر پر وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے چھاپہ مار کر انکے مکان کی تلاشی لی ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ گزشتہ روز امریکی خفیہ ایجنسی ایف بی آئی کی جانب سے جنوبی فلوریڈا میں واقع ان کے گھر پر چھاپا مارا گیا ہے۔ سابق امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ایف بی آئی کے اہلکاروں نے چھاپے کے دوران گھر میں موجود سامان کی تلاشی لی اور لاکرز کو توڑ دیا۔
ٹرمپ کے مطابق ملکی تاریخ میں کسی بھی سابق صدر کے ساتھ ایسا نا مناسب رویہ اختیار نہیں کیا گیا۔ بیان میں بائیڈن انتظامیہ کا نام لیے بغیر کہا گیا ہے کہ عدالتی نظام کو میرے خلاف ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایسے حملے صرف تیسری دنیا کے شکست خوردہ ممالک میں کیے جاتے رہے ہیں اور افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ امریکہ بھی ایسے ہی ملک میں تبدیل ہوگیا جہاں بدعنوانی راج کر رہی ہے۔
اگرچہ ٹرمپ نے اپنے گھر پر چھاپے کی وجوہات کا ذکر نہیں کیا ہے تاہم امریکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ایف بی آئی کو وائٹ ہاوس کی دستاویزات کے اس بیگ کی تلاش ہے جسے مبینہ طور پر ٹرمپ کے گھر منتقل کیا گیا ہے۔