پوتین نے ووستوک ۲۰۲۲ مشترکہ فوجی مشقوں کا معائنہ کیا
Sep ۰۶, ۲۰۲۲ ۲۰:۲۴ Asia/Tehran
ولادیمیر پوتین نے منگل کے روز روس کے مشرق بعید میں ہونے والی فوجی مشقوں کا معائنہ کیا ہے۔
کریملن کے ترجمان دمیتری پیسکوف نے بتایا ہے کہ روس کے صدر منگل کو اس ملک کے مشرق میں واقع ایک فوجی مرکز میں پہنچے جہاں انہوں نے وزیر دفاع اور فوج کے سربراہ سے ملاقات کے بعد فوجی مشقوں کے آخری مرحلے کا قریب سے معائنہ کیا۔
ان بحری، برّی اور فضائی مشقوں میں روس سمیت تیرہ ممالک شرکت کر رہے ہیں۔ یہ مشقیں روس کے مشرقِ بعید اور بحر جاپان کے قریب جاری ہیں جس میں امریکی دباؤ کے باوجود ہندوستان کی مسلح افواج کے منتخب دستوں نے بھی شرکت کی۔
پہلی ستمبر سے شروع ہونے والی میلٹری ڈرل میں پچاس ہزار سے زیادہ فوجی، پانچ ہزار جنگی وسائل من جملہ ایک سو چالیس فوجی طیارے اور ساٹھ پانی کے جہاز شامل تھے۔ ووستوک دو ہزار بائیس فوجی مشقیں بدھ سات ستمبر کو اپنے اختتام تک پہنچیں۔