Sep ۰۷, ۲۰۲۲ ۲۱:۴۹ Asia/Tehran
  • صیہونی وزیر جنگ کے گھر میں پکڑا گیا جاسوس، کس کے لئے کر رہا تھا جاسوسی؟

صیہونی وزیر جنگ کے گھر میں موجود جاسوس کو سزا سنا دی گئی۔

سحر نیوز/ دنیا: صیہونی حکومت کی مرکزی عدالت ریش لیتصیون نے صہیونی وزیر جنگ کے گھر کی صفائی کرنے والے کو، جس پر ایرانی ذرائع کو معلومات بھیجنے کا الزام تھا، جیل بھیج دیا ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی ذرائع ابلاغ نے آج بروز منگل اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کے وزیر جنگ بینی گانٹز کے گھر میں موجود جاسوس پر لگائے گئے الزامات ثابت ہو گئے ہیں۔

صیہونی اخبار "معاریو" کی رپورٹ کے مطابق، آج صیہونی حکومت کی مرکزی عدالت "ریش لیتصیون" نے صیہونی حکومت کے وزیر جنگ کے گھر کی صفائی کرنے والے "عومر گورین" کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے اس پر عائد سارے الزامات کو ثابت کر دیا اور  نام نہاد "دشمن" تک معلومات پہنچانے کی کوشش کی وجہ سے اسے سزا سنائی۔

اس رپورٹ کے مطابق عومر گورین جسے گزشتہ سال جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، اب عدالت کے فیصلے کے مطابق اسے تین سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

 گزشتہ سال نومبر میں صیہونی حکومت کے داخلی سیکورٹی کے ادارے "شاباک" نے دعویٰ کیا تھا کہ گورین نے سوشل نیٹ ورکس کے ذریعے ایران سے وابستہ ایک گروہ سے رابطہ کیا اور گانٹز کے گھر کام کرنے کے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس گروہ کو تعاون اور مدد کی پیشکش کی۔

شاباک نے اپنے دعوے کو جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ گورین ایران کے ساتھ رابطے میں تھا اور جاسوسی پروگراموں کے استعمال اور گینٹز کے کمپیوٹر تک رسائی کے امکان کی چھان بین کی جا رہی ہے ۔

شاباک نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ گورین نے تفتیش کے دوران گینٹز کے گھر کی مختلف جگہوں کی تصاویر لینے اور انہیں ایرانی ذرائع کو بھیجنے کا اعتراف کیا۔

2018 میں صیہونی حکومت کے داخلی سیکورٹی کے ادارے نے ایران کے لیے جاسوسی کے الزام میں صیہونی حکومت کے سابق وزیر توانائی رونن سیگیف کی گرفتاری کا اعلان کیا تھا ۔

ٹیگس