کروئشیا میں پہلی ماحول دوست مسجد کا افتتاح ۔ تصاویر
سیساک کروئیشیا میں پہلی ماحول دوست مسجد کا افتتاح ہونے سے50 سال پرانا مقامی مسلمانوں کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گیا۔
کروئشیا میں پہلی ماحول دوست مسجد کا افتتاح ہو گیا ہے۔ اس مسجد کو بنانے کا منصوبہ 50 سال پرانا تھا اور مسلمانوں کی کئی نسلیں اس مسجد کی تعمیر کی خواہش لے کر گزری ہیں، یہ بات مسجد کے امام، عالم کرنکی نے بتائی۔
مسجد میں 4000 نمازیوں کی گنجائش ہے جو علاقے کے مسلمانوں کے لئے نماز و عبادات اور مختلف مذہبی پروگراموں کی ادائیگی میں مرکزی کردار ادا کرے گی۔
رپورٹ کے مطابق 2600 مربع میٹر پر مشتمل اس مسجد کا صرف 600 مربع میٹر کا علاقہ نماز و عبادت کے لئے استعمال ہوگا جب کہ باقی 2000 مربع میٹر دوسرے مقاصد کے لئے کھلا رہے گا۔
اس مسجد کی ایک خاص خصوصیت اس کا ماحول دوست ہونا ہے۔ مسجد میں گرمائش کے لئے پمپس نصب کئے گئے ہیں، چھت پر سولر پینلز اور 30 کلوواٹ کا فوٹوولٹیک پلانٹ اور کم توانائی استعمال کرنے والے ایل ای ڈی بلب لگائے گئے ہیں۔