Sep ۱۴, ۲۰۲۲ ۰۸:۱۰ Asia/Tehran
  • اسرائیل کے سابق اور موجودہ وزرائے اعظم کی معلومات ہیکرز کے ہاتھوں میں

غاصب صیہونی حکومت پر ایک بار پھر سائبر حملے کی خبر ہے جس میں صیہونی ٹی وی چینل کان کی ویب سائٹ کو ہیک کر لیا گیا جس سے لاکھوں صیہونی باشندوں منجملہ موجودہ اور سابق وزیر اعظم کا ڈیٹا ہیکرز کے ہاتھ لگ گیا۔

صیہونی ریاست اسرائیل کے میڈیا اور سکیورٹی حلقوں نے اپنی بنیادی تنصیبات پر پے در ہے سائبر حملوں کے حوالے سے اظہار تشویش کیا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر مسلسل سائبر حملوں کی وجہ حملوں کی کثرت و وسعت اور ان کا مقابلہ کرنےمیں صیہونیوں کی ناکامی ہے۔

ارنا نیوز نے واللا نامی صیہونی ویب سائٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ وار انڈر اسکور ڈارک نامی ہیکرز کے ایک گروپ نے کان ٹی وی کی ویب سائٹ کو ہیک کر لیا اور اُسے دسترس سے خارج کر دیا۔ ویب سائٹ کی رپورٹ میں آیا ہے کہ ہیکرز کا گروپ ساڑے نو میلین فائلوں منجملہ صیہونی حکومت کے موجودہ اور سابق وزرائے اعظم یائیر لاپید اور بنیامین نتن یاہو سے متعلق معلومات بھی حاصل کر لی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ہیکروں نے آٹھ ہزار تین سو افراد کے بارے میں معلومات شائع بھی کر دی ہے جس میں ان کا نام، انکا آئی ڈی کارڈ، انکی تاریخ پیدائش اور حق رائے دہی وغیرہ شامل ہیں۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ صیہونی جارحیت و دہشتگردی سے تنگ آئے فلسطینی نوجوانوں نے غرب اردن کے علاقے میں صیہونی فوجیوں کی ایک گاڑی پر فائرنگ کی ہے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق شہدائے الاقصیٰ گروپ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنین کے شمال میں واقع الجملہ چیک پوسٹ پر صیہونی فوجیوں کی ایک گاڑی پر فائرنگ کی گئی ہے۔

اس موقع پر ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں دو فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی بھی خبریں ہیں۔

خیال رہے کہ اب غزہ کے علاوہ فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں بھی صیہونی دشمن کے خلاف مسلحانہ جد وجہد کا رجحان روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔

ٹیگس