روس نے امریکی راز افشاں کرنے والے ایڈورڈ سنوڈن کو شہریت دیدی
روسی صدر ولادیمیر پوتین کے دستخط کے بعد امریکہ کی نیشنل سیکورٹی ایجنسی کے سابق کانٹریکٹر کو روس کی شہریت مل گئی۔
سحر نیوز/ دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی نیشنل سیکورٹی ایجنسی کے سابق کانٹریکٹر ایڈورڈ سنوڈن کے وکیل اناتولی کوچیرنا نے کہا ہے کہ ایڈورڈ سنوڈن کو روسی شہریت مل گئی ہے اور اب وہ روس میں دائمی طور پر رہ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ان کے دائمی اقامت کی مدت بڑھانے میں تاخیر ہوئی تھی۔
اس سے قبل روسی صدر ولادیمیر پوتین نے کہا تھا کہ ماسکو کسی بھی حالت میں امریکہ کی نیشنل سیکورٹی ایجنسی کے سابق کانٹریکٹر ایڈورڈ سنوڈن کو امریکہ کے حوالے نہیں کرے گا اور اس کی وجہ یہ ہے کہ سنوڈن مجرم نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ایڈورڈ سنوڈن نے دوہزارتیرہ میں جاسوسی اور سیکورٹی سے متعلق ایسے بہت سے خفیہ دستاویزات، ذرائع ابلاغ کو دیئے تھے جس سے واشنگٹن کو بھاری خفت اٹھانی پڑی۔ امریکہ نے ایڈورڈ سنوڈن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی اور اس کا پاسپورٹ کینسل کر دیا جس کے بعد وہ ہانگ گانگ سے روس چلا گیا جہاں ایک پناہ گزیں کی حیثیت سے زندگی بسر کر رہا تھا۔ امریکی حکام اور قانون دانوں نے سنوڈن کو امریکہ کی تحویل میں دیئے جانے اور اس پر مقدمہ چلائے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے امریکہ کی قومی سیکورٹی اور خفیہ ایجنسی کو نقصان پہنچایا ہے۔