Oct ۰۹, ۲۰۲۲ ۱۴:۳۲ Asia/Tehran
  • یوکرین کے 220 فوجی اہداف صرف 24 گھنٹے میں نشانہ بنے

روس کی وزرات دفاع نے کہا ہے کہ روسی جنگی طیاروں، میزائلوں اور توپ خانے کی جانب سے گذشتہ چوبیس گھںٹے کے دوران یوکرین کے دو سو بیس سے زائد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کونا شنکوف نے کہا ہے کہ روسی جنگی طیاروں، میزائلوں اور توپ خانوں نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران یوکرین کے ایک سو چوہتر علاقوں میں یوکرینی فوج کے مختلف ٹھکانوں اور اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
روسی وزرارت دفاع کے ترجمان کے مطابق جمہوریہ دونیتسک میں گریگوروکا علاقے کے قریب اور اسی طرح خرسون اور شہر نیکولائف میں یوکرینی فوج کے ہتھیاروں کے چار گوداموں اور خارکف میں یوکرینی فوج کے ایک مواصلاتی مرکز کو تباہ کر دیا گیا۔
روس کی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کونا شنکوف نے کہا کہ یوکرینی فوج کو کوپیانسک کی طرف پیش قدمی کے دوران اپنے ایک سو سے زائد فوجیوں کی جان کو بھی گنوانا پڑا ہے۔
دریں اثنا روس کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی یوکرین کے مختلف علاقوں منجملہ میکولائف، کروی ریہ اور ژاپوریژیا کے علاقوں میں تعینات روسی فوج، جزیرہ نمائے کریمیا کے پل کو دھماکے سے تباہ کئے جانے کے باوجود اپنی ضروریات کا تمام فوجی سازوسامان زمینی اور سمندری راستے سے منتقل کر رہی ہے۔
ایسی حالت میں کہ روس کے ساتھ یوکرین اور اس کے مغربی حامیوں کی کشیدگی مسلسل بڑھتی جا رہی ہے پل کریمیا کا ایک حصہ تباہ ہوجانے اور اس پل میں آتشزدگی کی خبر زیادہ گردش کر رہی ہے۔
ہفتے کی صبح روس کے ذررا‏ئع‏ ابلاغ اور بعض مقامی ذرائ‏ع نے کریمیا کے پل کی تصاویر اور ویڈیو کلپ کے ساتھ رپورٹ دی ہے کہ اس پل میں آگ لگ گئی ہے اور اس پل کا ایک حصہ گر چکا ہے۔
پل کریمیا میں ہونے والے دھماکے کی خبر عام ہونے کے چند گھنٹے بعد روس کی انسداد دہشت گردی کی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ پل کے اوپر ایک ٹرک میں دھماکہ ہوا جو پل میں آگ لگنے کا باعث بنا اور نتیجے میں اس پل کو نقصان پہنچا۔
البتہ روس نے ہفتے کی رات اعلان کیا ہے کہ جزیرہ نمائے پل کریمیا سے ٹرینوں کی رفت و آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جبکہ اس پل سے گاڑیاں بھی آ جا رہی ہیں۔

ٹیگس