یوکرین کی اہم تنصیبات پر روس کا شدید حملہ
ماسکوکا کہنا ہے کہ ہم نے یوکرین کے ملٹری کنٹرول سسٹم، مواصلات اور توانائی کی سہولیات کے مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: روس کی وزارت دفاع نے خبر دی ہے کہ حالیہ حملوں میں یوکرین کے فوجی کنٹرول سسٹم اور توانائی اور مواصلاتی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
ارنا کے مطابق روس کی وزارت دفاع نے کیف سمیت یوکرین کے مختلف شہروں میں مقامات پر حملوں کی رپورٹ جاری کی۔
وزارت دفاع نے ایک بیان میں بتایا کہ ان تمام حملوں نے کامیابی سے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا جن میں فوجی کنٹرول سسٹم اور توانائی اور مواصلاتی سہولیات کے مراکز شامل ہیں۔
روس کی وزارت دفاع نے یہ بھی بتایا کہ یوکرین کی مسلح افواج کی "کوپیانسک" اور "نیکولایف" کے شہروں پر حملے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا جس کے دوران اس کے کم از کم 40 فوجی مارے گئے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی پیدل فوج نے یوکرینی افواج کی "اسٹیلین" دریا کو عبور کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور ڈونیتسک، مائکولائیو اور زپوریزیہ میں ان کے گولہ بارود اور اسلحے کے چار ڈپو کو تباہ کر دیا۔
خیرس کے علاقے میں، ایک روسی جنگی طیارے نے یوکرین کی مسلح افواج کے ایک MiG-29 فائٹر کو مار گرایا، اور اس کے علاوہ، 6 ہیمرس میزائل، 3 ہارم میزائل اور 6 یوکرینی ڈرون طیاروں کو انٹرسپٹ کیا گیا ہے۔