روس کے خلاف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرارداد منظور
یوکرین کے علاقوں کو روس میں شامل ہونے پر مبنی ریفرنڈم کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسترد کردیا گیا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ہنگامی نشست کے تیسرے دن روس کے خلاف ایک اور قرارداد منظور کر لی گئی ۔
بدھ کی شام منظور ہونے والی اس قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کے بعض علاقوں کو روس میں شامل کرنا عالمی قوانین کے منافی اور قابل مذمت اقدام ہے اور ماسکو کو چاہئے کہ اس سلسلے میں ہونے والے ریفرنڈم کے نتائج کو منسوخ کرے ۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منظور ہونے والی اس قرارداد میں دونیسک، خرسون، لوگانسک اور زاپوریژیا علاقوں کو روس میں شامل کرنے پر مبنی اقدام کو مسترد کیا گیا ہے۔
جنرل اسمبلی نے ماسکو کے اس اقدام کو عالمی قوانین کا منافی قرار دیا ہے۔ اس قرارداد میں تمام ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی گئی ہے کہ روس کے اقدام کو تسلیم کرنے سے گریز کریں۔
قابل ذکر ہے کہ اس قرارداد کے حق میں ایک سو تینتالیس ممالک نے ووٹ ڈالا جبکہ پانچ ممالک نے اس کی مخالفت کی اور پینتیس ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔