Oct ۲۸, ۲۰۲۲ ۱۵:۳۷ Asia/Tehran
  • یوکرین کی جراثیمی لیبارٹریز کے بارے میں سلامتی کونسل کا اجلاس

روس کی اپیل پر یوکرین کی جراثیمی لیبارٹریز کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس جمعرات کو تشکیل پایا جس میں روس نے اس سلسلے میں باضابطہ طور پر تحقیقات کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ارنا کی رپورٹ اقوام متحدہ کی ترک اسلحہ کمیٹی کے نائـب سربراہ نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا ہے کہ یوکرین میں بایولوجیکل تجربہ گاہوں اور جراثیمی ہتھیاروں کے بارے میں کئے جانے والے دعوے کے بارے میں کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔تاہم اقوام متحدہ کے اس عہدیدار نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی تحقیقاتی کمیٹی اس بارے میں مکمل طور پر تحقیقات کرنے کی توانائی نہیں رکھتی۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں روس کے مستقل مندوب واسیلی نبنزیا نے کہا ہے کہ یوکرین کی تجرگاہوں میں بیماریاں پیدا کرنے والے عوامل کا حجم بڑھتا جا رہا ہے جس سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ یوکرین کی ان تجربہ گاہوں میں صرف طبی سرگرمیاں انجام نہیں پا رہی ہیں۔

روس کے اس سینیئر سفارتکار نے کہا کہ یوکرین میں جراثیمی ہتھیاروں کے مسئلے کے حل کی کوششیں جاری ہیں مگر موجودہ صورت حال کو سنبھالنے کے لئے جامع اقدامات بھی انجام نہیں پائے ہیں۔

اقوام متحدہ میں روس کے مستقل مندوب واسیلی نبنزیا نے کہا کہ یوکرین اور امریکہ جراثیمی ہتھیاروں کے بارے میں طے شدہ سمجھوتے کی پابندی نہیں کر رہے ہیں اور روس ان ملکوں کی جانب سے اس سمجھوتے کی پابندی نہ کئے جانے کے بارے میں تحقیقات کی غرض سے اقوام متحدہ کے زیرنگرانی ایک کمیٹی تشکیل دیئے جانے کا خواہاں ہے۔

اس سے قبل روس کے نائـب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے رشین فیڈریشن کمیشن کے اجلاس میں کہا تھا کہ یوکرین کے جراثیمی تجربہ گاہیں اس سلسلے میں پوری دنیا میں امریکہ کے توسیعی منصوبے کا حصہ ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ یوکرین کی بایولوجیکل جنگ کی سرگرمیاں امریکہ کی مدد سے ہی جاری ہیں بلکہ امریکہ نے ہی جراثیمی ہتھیاروں کے پروگرام کو چلارہاہے۔

اس سے قبل روس کے کیمیائی و جراثیمی مواد اور اسی طرح تابکاری مواد سے تحفظ کے محکمے کے سربراہ ایگور کریلوف نے کہا تھا کہ یوکرین میں، امریکہ کی چراثیمی تجربہ گاہوں میں اس ملک کی فائزر اور مڈرنا کمپنیاں سرگرم عمل ہیں۔

روس کے اس اعلی عہدیدار کے کہنے کے مطابق یوکرین میں امریکہ کی فوجی و جراثیمی سرگرمیوں سے متعلق آئیڈیا دینے والے عوامل امریکہ کی ڈیموکریٹ پارٹی سے متعلق ہیں جو یوکرین میں خفیہ بایولوجیکل تجربات کے لئے براہ راست سرکاری بجٹ کا استمعال کرتے ہیں۔

ٹیگس