Nov ۰۹, ۲۰۲۲ ۰۸:۴۶ Asia/Tehran
  • فوٹو: ڈان نیوز
    فوٹو: ڈان نیوز

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کا آج پہلا سیمی فائنل ہونے جا رہا ہے جس میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں زور آزمائی کریں گے۔

سحر نیوز/پاکستان: آج پہلے فائنلسٹ کے انتخاب کے لئے پاکستان اور نیوزیلینڈ آمنے سامنے ہوں گے جبکہ دوسرے فائنلسٹ کا انتخاب کل ہوگا جس میں ہندوستان کا انگلینڈ کے ساتھ مقابلہ ہوگا۔ چاروں ٹیمیں پوری تیاری اور مستعدی کے ساتھ ورلڈ کپ کو حاصل کرنے کے لئے میدان میں اتر رہی ہیں۔

اہم مقابلے کے لیے سڈنی میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھرپور پریکٹس کی ہے جبکہ پاکستانی ٹیم نے سیمی فائنل میں اچھی کارکردگی کے لئے آرام کو ترجیح دی تاہم کپتان بابر اعظم ٹیم کے اس فیصلے سے مطمئن نہ ہوئے اور انہوں نے ڈیڑھ گھنٹے تک خوب پریکٹس کی۔

یہ میچ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں کھیلا جا رہا ہے اور پاکستان کے وقت کے مطابق ٹھیک ایک اور ہندوستان کے وقت کے مطابق ڈیڑھ بجے دن میں شروع ہو گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مینٹور میتھیو ہیڈن کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کا پیس اٹیک خطرناک اور تجربہ کار ہے۔

اُدھر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیم سن نے کہا ہے پاکستانی ٹیم دنیا کی ایک ایسی ٹیم ہے جو کسی بھی وقت سب کو حیران کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ آج پاکستان میں اقبال ڈے کی مناسبت پر تعطیل عام ہے جس پر کرکٹ کے شائقین بھی خاصے خوش ہیں کہ وہ سکون سے بیٹھ کر اپنی قومی ٹیم کا سیمی فائنل دیکھ سکیں گے۔

 

ٹیگس