یوکرین اور پولینڈ میزائل کے بہانے روس نیٹو جنگ چاہتے تھے: روسی مندوب
اقوام متحدہ میں روس کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ کی ایف اور ورشو میزائل حملے کے بہانے سے نیٹو اور روس کے درمیان براہ راست جنگ کرانا چاہ رہے تھے۔
سحرنیوز/دنیا: اقوام متحدہ میں روس کے مستقل مندوب واسیلی نبزینا نے کہا ہے کہ یوکرین اور پولینڈ کے حکام میزائل حملے کے بہانے سے ماسکو اور نیٹو کو آپس میں لڑانا چاہتے تھے۔
روسی مندوب نے کہا کہ اگر سیکورٹی کونسل کی اس نشست کا ایجنڈا طے نہ ہوتا تو پھر تو یوکرین اور پولینڈ کی روس اور نیٹو کو لڑانے کی کوششوں کے بارے میں بحث ہوتی جنہوں نے بالکل غیرذمہ دارانہ بیانات دے کر یہ کوشش کی ہے۔
روسی نمائندے نے مزید کہا کہ یوکرین کے صدر ولودیمیر زلنسکی نے اس واقعے میں روس کے ملوث ہونے کا اعلان کیا، ایسا نہیں ہوسکتا کہ انہیں اس بات کا علم نہ ہو کہ یوکرین کا ہی فائر ہونے والا ایک میزائل پولینڈ میں جا کر گرا ہے,یہ صرف غلط اور نادرست بیان اور اعلان ہی نہیں بلکہ روس اور نیٹو کو لڑانے کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔
یاد رہے کہ بدھ کے روز پولینڈ کے میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ روس کی جانب سے فائر ہونے والا ایک میزائل ملک کے جنوب مشرقی دیہات میں آ کر گرا ہے جس سے دو افراد ہلاک ہوگئے، جب کہ امریکی وزیردفاع نے یوکرین کی حمایت کے تناظر میں ایک قدم اور آگے بڑھتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ پولینڈ میں گرنے والا میزائل چاہے کسی بھی ملک نے داغا ہو لیکن قصور روس کا ہی ہے۔