Nov ۲۳, ۲۰۲۲ ۰۹:۵۲ Asia/Tehran
  • امریکہ؛ سپر مارکیٹ میں فائرنگ سے 10 افراد ہلاک

 امریکی ریاست ورجینیا کے ایک اسٹور میں فائرنگ سے 10 افراد ہلاک ہوگئے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکی  ریاست ورجینیا کے شہر چیسی پیک کے والمارٹ سپر مارکیٹ میں مسلح شخص نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اس اسٹور میں کام کرنے والے 4 افراد اور 6 دیگر لوگ ہلاک ہو گئے۔ حملہ آور نے بعد میں فائرنگ کر کے اپنی بھی جان لے لی۔

اسٹور سے ایمرجنسی کال موصول ہوتے ہی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تاہم اس وقت تک بہت دیر ہو گئی تھی۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے, زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

چند روز قبل بھی امریکی ریاست کولوراڈو میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب “کلب کیو” میں فائرنگ کے ایک واقعے میں 5 افراد ہلاک اور 18 دیگر زخمی ہوئے تھے جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک بتائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ امریکہ میں سالانہ ہزاروں افراد اسی گن کلچر کی بھینٹ چڑھ کر لقمہ اجل بن جاتے ہیں ۔ امریکہ میں ہتھار رکھنے اور انکے استعمال کی آزادی نے نہایت سنگین سکیورٹی مسائل پیدا کر دیئے ہیں جس کے باعث ہر آن ہزاروں افراد کو انتہاپسند مسلح عناصر کی طرف سے موت کے خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ امریکہ میں اسلحہ ساز لابی اس قدر مضبوط ہے کہ اب تک کوئی حکومت اسلحوں کے حمل اور انکے استعمال کو محدود کرنے کے لئے مؤثر قوانین وضع کرنے میں کامیاب نہیں ہو پائی ہے۔

ٹیگس