Dec ۲۴, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۳ Asia/Tehran
  • جم گیا امریکہ، 10 لاکھ افراد بجلی سے محروم، 4 ہزار پروازیں منسوخ (ویڈیو)

امریکہ میں موسم سرما کے بڑے طوفان کے باعث ملک کی نصف سے زائد آبادی کو شدید برف باری اور یخ بستہ ہواؤں کا سامنا ہے جبکہ 10 لاکھ سے زیادہ افراد بجلی سے محروم ہیں اور متعدد پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔

سحر نیوز/دنیا: میڈیا رپورٹس کے مطابق مختلف ریاستوں میں شدید موسم اور برفباری کے دوران ایک درجن سے زائد افراد کی ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ جارجیا، شمالی کیرولائنا اور کینٹکی میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے۔

لاکھوں لوگ سرد طوفان کے انتباہ کے باعث گھروں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بعض جگہوں پر اتنی شدید سردی ہے کہ باہر نکلنے والا کوئی بھی فرد چند لمحوں میں موسم کی سختی کا شکار ہوسکتا ہے۔

امریکہ کی مختلف ریاستوں میں تیز برفانی ہواؤں اور شدید برف باری کی وجہ سے بجلی کی فراہمی میں تعطل کے آنے اور توانائی کی معمول سے زیادہ طلب کا دباؤ بھی پڑ نے کے سنگین خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

شدید سردی اور برفباری کے باعث امریکا بھر میں کرسمس کی چھٹیوں کے دوران سفر کرنے والے لاکھوں افراد مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دو روز کے دوران ساڑھے 4 ہزار پروازیں اور مڈ ویسٹ میں سینکڑوں ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

امریکہ کے علاوہ کینیڈا کے مشرقی حصے کو بھی شدید سردی اور برف باری کا سامنا ہے، ٹورنٹو میں بھی متعدد پروازیں منسوخی یا تاخیر کا شکار ہیں۔

ٹیگس