کیا دنیا تیسری جنگ عظیم کی جانب جا رہی ہے، فرانسیسی سیاست داں کا انتباہ
فرانس کے ایک مشہور سیاست دان کا کہنا ہے کہ زیلنسکی کا دورہ امریکہ تیسری جنگ عظیم کا انتباہ اور وارننگ ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: فرانسیسی پیٹریاٹ پارٹی کے رہنما نے یوکرین کے صدر کے حالیہ دورہ واشنگٹن کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ، تیسری عالمی جنگ شروع کرنے کے لئے دونوں ممالک امریکا اور یوکرین کے درمیان اتحاد بننے کے خطرے کی علامت ہے۔
فرانسیسی "پیٹریاٹ" پارٹی کے رہنما فلورین فلپ نے کہا ہے کہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی کا حالیہ دورہ واشنگٹن اور امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات، ایک اہم مسئلہ ہے اور تیسری عالمی جنگ کے آغاز کا پیش خیمہ ہے۔
فلورین فلپ نے مزید کہا کہ وسیع پیمانے پر جھڑپیں، بائیڈن اور زیلنسکی کو فائدہ پہنچائیں گی کیونکہ اس طرح وہ یورپی ممالک کو تباہ کرنے اور عالمی مالیاتی منڈی میں امریکی ڈالر کی بالادستی کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی شان و عظم بڑھا سکتے ہیں۔
ان باتوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ آئیے ان کے فریب اور پاگل پن کو بے نقاب کریں اور ایک آزاد ملک میں امن کی کوشش کریں۔
اس فرانسیسی سیاست دان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب کہ اس سے قبل فرانس میں ایک سماجی سروے میں بتایا گیا تھا کہ ستر فیصد فرانسیسی عوام کا خیال ہے کہ یوکرین کے تنازعات کے خاتمے کے لئے مذاکرات کے ذریعے کوئی راستہ نکالنا ضروری ہے۔
مذکورہ سروے سے پتہ چلتا ہے کہ زیادہ تر فرانسیسی شہری، یوکرین کی جنگ میں روس کا مقابلہ کرنے کے لیے پیرس کی جانب سے کیف کی فوجی امداد جاری رکھنے کی حمایت نہیں کرتے۔