Dec ۲۸, ۲۰۲۲ ۰۸:۲۸ Asia/Tehran
  • امریکہ میں سرمائی طوفان کی تباہکاریاں جاری، ہلاکتوں کی تعداد 70 (ویڈیو)

امریکہ میں منجمد کرنے والی سرمائی لہر، طوفان اور برفباری سے مرنے والوں کی تعداد ستر تک پہنچ گئی ہے۔

سحر نیوز/دنیا: امریکہ کو ان دنوں گزشتہ دہائیوں کے بدترین برفانی طوفان اور برفباری کا سامنا ہے جس سے ملک کی بعض ریاستوں میں سارا نظام زندگی جم کر رہ گیا ہے اور نئے سال دوہزار تیئیس کی خوشیاں منانے کے خواب بھی چکناچور ہو چکے ہیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق ریاست نیویارک کی اری اور نیاگرا کاؤنٹیز میں چونتیس اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ نیویارک کے مغربی علاقوں میں آج بھی مزید نو انچ تک برف پڑنے کا امکان ہے جبکہ مغربی علاقے پہلے ہی چار فٹ برف تلے دبے ہوئے ہیں۔ برفباری کی وجہ سے حکام نے نیویارک کے شہر بوفیلو میں لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

حالات کچھ ایسے بگڑ چکے ہیں بعض مقامات پر چوری اور دکانوں اور جنرل اسٹورز میں لوٹ مار کی بھی خبریں ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق ریاست نیویارک میں سوا لاکھ گھروں کو اب بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ ریاست نیویارک میں فیڈرل ایمرجنسی کا اعلان کردیا گیا ہے اور جمعے سے اب تک منسوخ پروازوں کی تعداد سولہ ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔

اے بی سے نیوز کے مطابق اس سال امریکہ میں آئے سرمائی طوفان کا دائرہ اس قدر وسیع ہے کہ ماضی میں اسکی نظیر نہیں ملتی اور ملک کی کل آبادی میں سے ساٹھ فیصد لوگ اس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

 

ٹیگس