روسی حملوں میں 130سے زائد غیر ملکی فوجیوں کی ہلاکت
روس کی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ دونتسک میں یوکرینی فوج میں شامل غیر ملکی فوجیوں کے ٹھکانوں پر روسی فوج کے حملے میں ایک سو تیس سے زائد یوکرین کے آلہ کار غیر ملکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: روس کی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کونا شنکوف نے اعلان کیا ہے کہ خارکیف میں یوکرینی فوج کے خلاف روسی فوج کی کارروائی میں چالیس سے زائد فوجی اہلکارہلاک، اور تین بکتر بند گاڑیاں اور فوجی ٹرک تباہ ہوئے ہیں۔
اس ترجمان نے کہا کہ یوکرین کے خلاف فوجی کارروائی کے آغاز سے اب تک روسی فوج یوکرین کے دو ہزار آٹھ سو سے زائد ڈرون طیارے تباہ کر چکی ہے۔ کونا شنکوف نے کہا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک یوکرین کے تین سو پچپن جنگی طیارے، ایک سو نننانوے ہیلی کاپٹر، دو ہزار آٹھ سو سات ڈرون طیارے، تین سو نننانوے دفاعی سسٹم، سات ہزار تین سو بیاسی ٹینک، سیکڑوں فوجی و جنگی نیز بکتر بند گاڑیاں، نو سو سڑسٹھ راکٹ لانچر، تین ہزار سات سو اڑسٹھ توپ اور مارٹر ہتھیار اور سات ہزار نو سو خصوصی فوجی گاڑیاں تباہ کی جا چکی ہیں۔
امریکہ اور مغربی ملکوں نے یوکرین کے خلاف روسی فوجی کارروائی کے بہانے شدید ترین پابندیاں عائد کرنے کے علاوہ یوکرین کو مختلف قسم کے جدید ترین جنگی ساز وسامان فراہم کیا اور ہتھیاروں کی سپلائی کا یہ سلسلہ بدستور جاری رکھا ہے جبکہ فوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ اور مغربی ملکوں کا یہ اقدام صرف جنگ کے طویل ہونے کا باعث بن رہا ہے کہ جس کے اور زیادہ بد تر نتائج برآمد ہوں گے۔