امریکہ اور برطانیہ کی سرکردگی میں روس کے خلاف نیٹو کی جنگ
روس کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نیکولائی پاتروشوف نے کہا ہے کہ نیٹو یوکرین کے عوام کو روس کے خلاف ایک پراکسی کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: نیکولائی پاتروشوف نے کہا ہے کہ اس جنگ کو ماسکو اور کیف کی جنگ نہیں کہا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ امریکہ اور برطانیہ کی سرکردگی میں روس کے خلاف نیٹو کی جنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک ماسکو سے براہ راست جنگ سے گھبراتے ہیں اسی لئے یوکرینی شہریوں کو حتمی موت کے منہ میں ڈال رہے ہیں۔
روس کی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری نیکولائی پاتروشوف نے کہا کہ روس کا خصوصی فوجی آپریشن بقول ان کے مقبوضہ علاقوں کی رہائی کے لئے انجام دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک نے یوکرین کے حقیقی باشندوں کی خون کی ندیاں بہا دی ہیں جسے فوری طور پر روکنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرینی عوام کو جتنی جلد یہ بات سمجھ میں آئے گی کہ مغرب انہیں روس کے مقابلے میں صرف استعمال کر رہا ہے، اتنا ہی زیادہ یوکرینی جانیں بچ جائیں گی۔ پاتروشوف نے کہا کہ بہت سے یوکرینیوں کو اس بات پر یقین ہے لیکن انتقام کے خوف سے وہ اس کا اظہار نہیں کرتے ہیں۔
دوسری جانب روس کے صدر نے کہا ہے کہ مغربی ممالک یوکرین کو ہتھیار دے کر، اس ملک کے عوام کا خون بہانے کےعلاوہ اور کچھ بھی نہیں کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ یوکرین اور روس کی جنگ گیارہ مہینے سے جاری ہے اور مغربی ممالک امن برقرار کرنے کی کوشش کے بجائے یوکرین کو ہتھیار فراہم کرکے اس آگ پر اور بھی تیل چھڑک رہے ہیں۔